جموں وکشمیر میں صحت خدمات کی بہتر فراہمی کیلئے اَدویات کی تقسیم میں مزید شفافیت اور کارکردگی پر زور
جموں/وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر میڈیکل سپلائز کارپوریشن لمیٹڈ (جے کے ایم ایس سی ایل) کی کارکردگی اورکام کاج کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشیدشاہ،منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایم ایس سی ایل، تمام جی ایم سی کے پرنسپلوں، ڈینٹل کالجوں کے پرنسپلوں ، تمام اَضلاع کے سی ایم اوز اور دیگر متعلقہ اَفسران نے ذاتی طور پر یا بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔ دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے اَفسران سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں صحت خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے طبی سامان کی نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے اَضلاع اور سب ڈِسٹرکٹ ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ صحت مراکز میں مریضوں کے لئے اَدویات کی تقسیم میں مزید شفافیت اور کارکردگی لانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے تمام گورنمنٹ میڈیکل کالجوں کے پرنسپلوں کو ہدایت دی کہ وہ اَپنے متعلقہ ہسپتالوں میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی اَدویات کا باقاعدہ ریکارڈ رکھیں اور ان اَدویات کی بھی تفصیل محفوظ کریں جو مریضوں کو تجویز کی جاتی ہیں لیکن سٹاک میں دستیاب نہیں ہوتیں۔
سکینہ اِیتو نے جے کے ایم ایس سی ایل کی اِنتظامیہ پر مزید زور دیا کہ وہ طبی سامان کے ساتھ ساتھ کارپوریشن کی طرف سے خریدی جانے والی مشینری اور آلات کے معیار کو برقرار رکھے۔اُنہوں نے جموں و کشمیر میں صحت بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے میں جے کے ایم ایس سی ایل کے رول کو تسلیم کرتے ہوئے اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ایک زیادہ فعال اور مؤثر نظام کے قیام کے لئے کام کریں جو یہاں کے مقامی لوگوں کی بڑھتی ہوئی طبی ضروریات کو پورا کرے۔وزیر موصوفہ نے جموں و کشمیر کے مختلف صحت مراکز کے لئے مشینری اور جدید آلات کی خریداری کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کارپوریشن کی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ خریداری میں تاخیر کو کم کریں اور مشینری و آلات کی بروقت فراہمی کے لئے ایک بہتر فریم ورک اَپنائیں۔اُنہوں نے جے کے ایم ایس سی ایل کی اِنتظامیہ کو زیر اِلتوأ خریداری کے عمل کو تیز کرنے اور دیہی و دُور دراز علاقوں میں طبی سامان، مشینری اور آلات کی بروقت یقینی بنانے کی ہدایت دی۔وزیر صحت نیڈرگس اینڈ ویکسین ڈسٹری بیوشن مینجمنٹ سسٹم (ڈِی وِی ڈِی ایم ایس) پورٹل کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے جے کے ایم ایس سی ایل کی اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ مختلف طبی مراکز میں تقسیم کی جانے والی اَدویات کی فزیکلی نگرانی کریں۔ اُنہوں نے ہدایت دی کہ ہسپتالوں اور دیگر طبی سہولیات میں فراہم کی جانے والی ڈرگس اور میڈیسن کی اَچانک جانچ پڑتال کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اُن افسران کے خلاف کارروائی کی جائے جو تاحال ڈِی وِی ڈِی ایم ایس پورٹل پر رجسٹرڈ نہیں ہوئے۔دورانِ میٹنگ منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایم ایس سی ایل نے پروکیومنٹ میکانزم ، سپلائی چین مینجمنٹ، اَدویات کی دستیابی اور کارپوریشن کی مالی صورتحال پر ایک تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔—-
