عوامی خدمات میں متحرک ہونے پر زور ، ماحولیات دوست ترقی ، فلاحی اسکیموں کی آگاہی پیدا کرنے پر زور دیا
بڈگام/وزیر برائے زراعت ، دیہی ترقی اور پنچائتی راج ، کواپریٹو اور الیکشن مسٹر جاوید احمد ڈار نے آج ضلع بڈگام کے ترقیاتی منظر نامے کا جائیزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔ شروع میں وزیر نے جاری کلیدی اور مجوزہ منصوبوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا جس میں 125 بستروں والے ڈسٹرکٹ اسپتال کا قیام ، ریشی پورہ میں 100 بستر پر مبنی کریٹی کل کئیر ہسپتال ، روڈ انفراسٹرکچر ، چاڈورہ میں نیا بس ٹرمنل ، سیاحتی مقامات بشمول یوسمرگ اور دودھ پتھری پر مضبوط موبائل رابطے ، زراعت اور اس سے منسلک شعبے کی اسکیموں پر کامیاب نفاذ شامل ہیں ۔ اجلاس میں ڈی ڈی سی چئیر مین نذیر احمد خان ، ایم ایل اے بیروہ ڈاکٹر شفیع وانی ، ایم ایل اے چاڈورہ علی محمد ڈار اور ایم ایل اے خانصاحب سیف الدین بٹ نے بھی شرکت کی ۔ ابتداء میں ڈپٹی کمشنر بڈگام اکشے لابرو نے وزیر کو ضلع میں مختلف اہم ترقیاتی منصوبوں اور جاری کاموں کی حیثیت سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے عوامی فلاح و بہبود کیلئے فلاحی اسکیموں اور پرچم بردار پروگراموں کے نفاذ کے بارے میں بھی بریف کیا ۔ وزیر موصوف نے سرکاری اسکیموں کے موثر نفاذ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے استفادہ کنندگان کیلئے ہالسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام ( ایچ اے ڈی پی ) سمیت مرکزی اور یو ٹی سطح کے تمام اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ وزیر نے عام لوگوں کو فوری خدمات کو یقینی بنانے کیلئے مزید محنت سے کام لینے کی ہدایت دی ۔
ضلع میں اینٹوں کے بھٹوں کی حیثیت کا جائیزہ لیتے ہوئے ہدایت دی گئی کہ ان کی کارروائیوں کو رہنما اصولوںکے مطابق سختی سے عمل کرنا چاہئیے اور ضلع میں کسی بھی غیر قانونی اینٹوں کے بھٹے کے آپریشن کی اجازت نہیں ہے ۔ نچلی سطح کی حکمرانی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر نے ہدایت دی کہ ایم ایل ایز کو اپنے اپنے انتخابی حلقوں کیلئے منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی کے عمل میں فعال طور پر شامل ہونا چاہئیے ۔ انہوں نے سرکاری افسران کو ہدایت جاری کیں کہ وہ عوام کے درمیان جائیں اور زمینی سطح کے خدشات کو فعال طور پر حل کریں ۔ تا ہم وزیر نے زور دے کر کہا کہ خاص طور پر دیہی علاقوں میں ترقی ماحولیاتی توازن کے مطابق کی جائے اور ضلع میں کہیں بھی ترقی کے بہانے ماحولیاتی نظام کو نقصان نہ پہنچایا جائے ۔ اجلاس کے دوران اراکین اسمبلی نے عوامی اہمیت کے حامل مختلف امور کے بارے میں وزیر موصوف کو آگاہ کیا ۔ مطالبات کو سُننے کے بعد وزیر نے یقین دلایا کہ ان مسائل کو مرحلہ وار طریقے پر حل کیا جائے گا ۔ میٹنگ میں رورل ڈیولپمنٹ کے ڈائریکٹر ، پی ڈبلیو ڈی کے چیف انجینئر ( آر اینڈ بی ) کشمیر ، مختلف محکموں کے سربراہان ( ایچ او ڈیز ) اور تمام ضلعی افسران بھی شریک ہوئے ۔





