سری نگر:جموں وکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرنا خارج از امکان ہے۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کو حکومت چلانے کی خاطر کسی کے سپورٹ کی ضرورت نہیں۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے شوپیاں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کو حکومت چلانے کی خاطر کسی کے سپورٹ کی ضرورت نہیں ہے۔
نائب وزیرا علیٰ نے کہاکہ افواہیں پھیلائی جارہی ہے کہ نیشنل کانفرنس اور بی جے پی کے درمیان الائنس کا امکان ہے جو من گھڑت اور حقیقت سے بعید ہے۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ جب نیشنل کانفرنس کے پاس حکومت چلانے کی خاطر عددی برتری ہے تو بھلا ہم بی جے پی کے ساتھ کیوں گڑھ جوڑھ کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بی جے پی کے ساتھ الائنس کا کوئی امکان نہیں اور نہ ہی ایسا کھبی ہوسکتا ہے۔
سریندر کمار چودھری نے کہاکہ عمر عبداللہ کی قیادت میں سرکار اچھا کام کر رہی ہے اور لوگوں کے مسائل کے حل کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
منشیات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں سریندر کمار نے کہاکہ جموں وکشمیر میں ڈرگس کہاں سے آرہا ہے اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقا ت ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو اس اہم مسئلے پر اب مداخلت کرنی چاہئے۔
