منگل, مارچ ۲۵, ۲۰۲۵
15.9 C
Srinagar

نیشنل کانفرنس عوامی اعتماد پر کھرا اترنے کیلئے پُرعزم: این سی جنرل سیکریٹری

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے جمعے کے روز کہاکہ سال2015کے بعد سے تعمیر و ترقی کے فقدان اور اقتصادی و معاشی بدحالی نے جموں وکشمیر کو دہائیوں پیچھے دھکیل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ جموں وکشمیر میں جمہوریت پھر ایک بار پروان چڑھی اور لوگوں نے ووٹ پرچی میں اپنے اعتماد کو ظاہر کرتے ہوئے بھاری اکثریت میں انتخابات میں حصہ لیا اور اپنی آبائی جماعت نیشنل کانفرنس کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کیا۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں پارٹی عہدیداروں اور لیڈران سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ اسمبلی انتخابات میں جموں وکشمیر کے عوام نے اپنی آبائی جماعت نیشنل کانفرنس میں جو غیر متزلزل بھروسہ اور اعتماد ظاہر کیا ہے ہماری جماعت اُس پر کھرا اُترنے کی ہر ممکن کوشش کریگی اور ہماری جماعت ہر سطح پر یہاں کے عوام کو اولین ترجیح دیگی۔
ساگر نے کہاکہ جموں و کشمیر کے عوام کو گذشتہ 10سال کے دوران زبردست مشکلات کا مصائب کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ خصوصاً 2018کے بعد افسر شاہی میں یہاں کے عوام کو سخت ترین مشکلات کی چکی میں پیسا گیا۔
ان کے مطابق افسرشاہی میں لوگوں کا کوئی پُرسان حال نہیں تھا، ہر ایک فیصلہ عوام کُش اور عوام مخالف ہوتا تھا ۔ انتظامیہ کو غیر ضروری پروگراموں میں مصروف رکھا گیا تھا اور انتظامیہ مکمل طو رپر مفلوج ہوکر رہ گئی تھی اور لوگ بنیادی ضروریات سے محروم تھے ۔
انہوں نے کہاکہ عمر عبداللہ کی عوامی حکومت کے قیام کیساتھ ہی انتظامیہ متحرک ہوگئی ہے اور افسر شاہی کا خاتمہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت عوام کی راحت کیلئے وقف ہے ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img