جموں:جموں وکشمیر کے اکھنور سیکٹر میں آئی ای ڈی دھماکے کے بعد فوج نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ متعدد جنگلی علاقوں میں فوج نے پہرے بٹھا دئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اکھنور سیکٹر میں بدھ کے روز بھی تلاشی آپریشن جاری رہا جس دوران فوج نے مزید کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں صوبے میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر فوج کی تعیناتی بڑھائی گئی ہے جبکہ جنگلی علاقوں میں تلاشی آپریشن کا دائرہ بھی وسیع کیا گیا ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق امکانی دراندازی کے پیش نظر ایل او سی پر سیکورٹی گرڈ کو مضبوط و مستحکم کرنے کی خاطر جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔
بتادیں کہ پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر گزشتہ ایک ماہ کے دوران مشتبہ ملی ٹینٹوں کی نقل وحرکت میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر چوبیس گھنٹے اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہے۔
