بدھ, فروری ۱۲, ۲۰۲۵
10.5 C
Srinagar

ہارون میں’ قادر ریش ‘کے نام سے معروف حکیم کا کلینک سر بمہر، سیمپل لیبارٹری روانہ

سری نگر: سری نگر انتظامیہ نے بچوں میں بڑھتی ہوئی جگر کی بیماریوں کے پیش نظر نا اہل پریکٹیشنرز کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاون شروع کیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ سری نگر کے مضافاتی علاقے سید پورہ ہارون میں ایک غیر مجاز کلینک کو سیل کردیا گیا اور وہاں سے نمونے جانچ کے لئے لیبارٹری روانہ کئے گئے۔
انہوں نے کہاکہ اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث افرادکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگرکے پرنسپل کی طرف سے ضلع مجسٹریٹ کو لکھے گئے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ سید پورہ ہارون میں ایک شخص جگر کی بیماری میں مبتلا افرادکا علاج ومعالجہ کر رہا ہے اور جب ان کی حالت متغیر ہو جاتی ہے تو مریضوں کو صدرہسپتال پہنچا جایاجاتا ہے جس دوران اکثر مریض اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
خط میں مزید لکھا گیا کہ شدید جگر کی بیماری خاص کر یرقان کے کئی کیسز ہسپتال میں رپورٹ ہوئے ان میں وہ بچے بھی شامل تھے جنہیں ابتدائی علاج کے بعد جی ایم سی سری نگر سے رخصت کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ مذکورہ مریض ہارون میں ایک ایسے شخص کے پاس جاتے ہیں جو انہیں غیر تصدیق شدہ علاج کرکے مبینہ طورپر انہیں شدید پیچیدگیوں میں مبتلا کرنے کا باعث بنتا جارہا ہے۔
خط موصول ہونے کے بعد ضلعی ترقیاتی کمشنر سری نگر کی ہدایت پر محکمہ صحت ، تحصیلدار کی سربراہی میں ٹیم نے سید پورہ ہارون میں نام نہاد حکیم کے کلینک کو سر بمہر کرکے وہاں پرموجود ادویات اور جڑی بوٹیوں کے سیمپل اٹھا کر انہیں لیبارٹری روانہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ سید پورہ ہارون میں گزشتہ کئی دہائیوں سے ایک حکیم جو قادر ریش کے نام سے مشہور ہیں جگر کی بیماری میں مبتلا افراد کا دیسی طریقے سے علاج کررہا ہے۔
ہفتے اور اتوار کی اعلیٰ الصبح سے ہی قادر ریش کے رہائشی مکان پر لوگوں کا تانتا بندھا رہتا ہے ، دن بھر یہاں پر ہزاروں افراد جو کہ جگر کی بیماری میں مبتلا ہوتے ہیں قادر ریش کے پاس جا کر وہاں پر اپنا علاج کرواتے ہیں۔
قادر ریش وادی کے ساتھ ساتھ جموں میں بھی مشہور ہے خا ص کر کشمیری پنڈت بھی یہاں پر آکر علاج کرواتے ہیں ۔ سید پورہ ہارون قادر ریش کے نام سے ہی مشہور ہے یہاں پر اب کئی افراد نے یونانی ادویات کے سٹور بھی کھولے ہیں ۔
ذرائع نے بتایا کہ دو دہائی قبل قادر ریش صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ جا کر وہاں پر بھی جگر خاص کر یرقان کی بیماری میں مبتلا مریضوں کا علاج ومعالجہ بھی کرتے تھے ۔
گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کے پرنسپل کی جانب سے ضلعی ترقیاتی کمشنر کے نام خط میں سنسنی خیز انکشافات کے بعد قادر ریش کے کلینک کو سیل کیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جگر کے مرض میں مبتلا کئی مریض قادر ریش کے پاس جا کر علاج کے بعد جب ان کی حالت متغیر ہوجاتی ہے تو انہیں ہسپتال منتقل کیا جاتا ہے لیکن تب تک بہت دیر ہوجاتی ہے اور انہیں بچانا ناممکن ہو کررہ جاتا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img