جکارتہ: انڈونیشیا کے وسطی جاوا صوبے میں واقع پیکلونگن ریجنسی میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کم از کم 16 لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور 10 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ جبکہ تین افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
یہ اطلاع انڈونیشیا کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی (بی این پی بی) نے منگل کو دی۔
پیکلونگن کی ریاستی اہلکار فادیہ ارافیک نے کہا کہ اگرچہ اسی طرح کے واقعات کئی ذیلی اضلاع میں پیش آئے، لیکن پیٹونگ کریونو سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔
فادیہ نے کہا کہ پیر کی رات سے منگل کی صبح تک تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے پیٹنگ کریونو ذیلی ضلع میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ لوگوں کے انخلا کا عمل تاحال جاری ہے۔ آفات کی وجہ سے تلاش اور امدادی کارکنوں کو رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ حکام نے لوگوں سے احتیاط برتنے اور ندیوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔
