جمعہ, فروری ۱۴, ۲۰۲۵
11.8 C
Srinagar

بدھل راجوری کی تشویشناک صورتحال،وزیر اعلیٰ کی اعلیٰ سطحی میٹنگ

محکمہ صحت اور پولیس کی تحقیقات میں تیزی ضروری ، اصل وجہ کی جلد از جلد نشاندہی کی جائے:عمر عبداللہ

نیوزڈیسک

جموں /وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے راجوری ضلع کے بدھل گاو¿ں کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ، جہاں پُراسرار اموات نے 16 لوگوں کی جان لے لی ہے جبکہ اِس نامعلوم بیمار ی کی وجہ سے ایک اور متاثرہ شخص کی موت واقع ہوئی ہے۔ میٹنگ میں وزیر صحت و طبی تعلیم محترمہ سکینہ اِیتو،،وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، اے ڈِی جی پی جموں آنند جین،صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ اور دیگر سینئر میڈیکل اور پولیس اَفسران نے شرکت کی۔سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے وزیراعلیٰ کو اَب تک کئے گئے اَقدامات سے آگاہ کیا۔اُنہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کی ٹیموں نے متاثرہ علاقے میںزائد اَز 3,000 رہائشیوں کا گھر گھر جا کر سروے کیا، پانی، خوراک اور دیگر مواد کے نمونے جمع کئے اور اُن کی جانچ کی۔اُنہوں نے بتایا کہ اِنفلوئنزا اور دیگر ممکنہ آلودگی سمیت تمام ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ آئی سی ایم آر، نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف وائرولوجی، نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول، سی ایس آئی آر، ڈِی آر ڈِی او اور پی جی آئی ایم ای آر چندی گڑھ سمیت اہم قومی اِداروں کی جانب سے اِضافی جانچ کی گئی لیکن اَموات کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی گئی۔پولیس حکام نے میٹنگ کو بتایا کہ ہلاکتوں کی اصل وجہ کا تعین کرنے کے لئے تحقیقات جاری ہیں جو ایک دوسرے سے ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے پر رہنے والے تین کنبوں تک محدود ہیں۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے صورتحال کی نزاکت کو اُجاگر کرتے ہوئے محکمہ صحت اور پولیس کو ہدایت دی کہ وہ اَپنی تحقیقات میں تیزی لائیں۔اُنہوں نے کہا ،” ان اموات کی غیر واضح نوعیت اِنتہائی تشویش ناک ہے اور حکومت اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے کہ اس کی اصل وجہ کی جلد از جلد نشاندہی کی جائے۔ میں تمام محکموں پر زور دیتا ہوں کہ وہ آپس میں تعاون کریں اور اِس مسئلے کو حل کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں۔“ دورانِ میٹنگ اِس بات پر بھی زور دیا گیا کہ محکمہ صحت نے گزشتہ 40 روز سے علاقے میں فعال موجودگی برقرار رکھی ہے اور کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایمبولینس، اَدویات اور ضروری سہولیات فراہم کی ہیں۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سوگوار کنبوںسے دلی اِظہارِ تعزیت کرتے ہوئے عوام کو یقین دِلایا کہ اِنتظامیہ صورتحال کو اوّلین ترجیح دے رہی ہے ۔اُنہوں نے کہا،”ہمارے شہریوں کی صحت اور حفاظت ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ حکومت اس بحران کو حل کرنے اور متاثرہ کنبوںکے لئے اِنصاف کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔“

 

Popular Categories

spot_imgspot_img