سری نگر: جموں وکشمیر پیپلز کانفرنس کے سربراہ اور رکن اسمبلی سجاد لون نے راجوری میں پر اسرار بیماری پر گہرے تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ طبی برادری جلد ہی اس راز سے پردہ اٹھا دے گی۔بتادیں کہ راجوری کے بدھل علاقے میں پر اسرا ر اموات کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے بدھ کی شام ہسپتال میں زیرعلاج دس سالہ کمسن بچی دم توڑ گئی اور اس طرح مرنے والوں کی تعداد 15 تک پہنچی ہے۔
سجاد لون نے اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جمعہ کو ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘راجوری میں بظاہر پراسرار بیماری دل دہلا دینے والی ہے مجھے پوری امید ہے کہ ہماری طبی برادری اموات کی وجہ کا پتہ لگانے میں کامیاب ہو جائے گی’۔انہوں نے کہا: ‘ایسی پر اسرار طبی پیچیدگیاں دنیا بھر میں وقفے وقفے سے سامنے آتی ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘یہ ضروری ہے کہ بیماری کے بارے میں اب تک حاصل ہونے والی معلومات طبی سائنسدانوں اور ماہرین کے ساتھ قومی سطح پر شیئر کی جائیں’۔