سری نگر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ڈیپارٹمنٹ کشمیر نے آج مقامی کاریگروں کو 10 کانی لومز اور 25 خصوصی نمدہ سیٹ بلا معاوضہ تقسیم کئے ۔ یہ ایک اہم اَقدام ہے جس کا مقصد خطے کے شاندار ثقافتی ورثے کو فروغ دینا اور اِس کے روایتی دست کاروں کو بااِختیار بنانا ہے۔یہ تقریب ہینڈی کرافٹس بلاک آفس صفاکدل سری نگر میں منعقد ہوئی اور اِس کی صدارت ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر مسرت اسلام نے کی۔
یہ تزویراتی اَقدام کشمیر کی صدیوں پرانی دستکاری روایات کا سپورٹ اور برقرار رکھنے کے لئے حکومت کی جاری کوششوں کا حصہ ہے ۔ اس بات کو یقینی بنانا کہ کاریگروں کو عالمی منڈیوں میں توسیع کے مواقع حاصل کرتے ہوئے اَپنا کام جاری رکھنے کے لئے ضروری وسائل تک رَسائی حاصل ہو ۔
ڈائریکٹر موصوف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اِس اقدام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ،” یہ ہمارے کاریگروں کی معاشی آزادی کو بڑھانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ ہم اُنہیں عالمی مارکیٹ میں ترقی کی منازل طے کرنے کے لئے درکار وسائل اور مواقع فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔“
کانی لومز اور نمدہ ٹول کٹس کی تقسیم کاریگروں کو اَپنی دستکاری کے معیار اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے قابل بنائے گی جس سے اُنہیں اعلیٰ معیار کی روایتی مصنوعات تیار کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کی مسابقت میں اضافہ ہوگا۔
تقریب کا اہتمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرہینڈی کرافٹس سری نگر محسنہ اِرشاد نے کیا جنہوں نے اِس پروگرام کی کامیابی کو یقینی بنانے میں اہم رول اَدا کیا۔
یہ اَقدام کشمیر میں دستکاری شعبے کی ترقی، اس کے منفرد ورثے کے تحفظ اور اس کے کاریگروں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے جاری کوششوں میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ سری نگر کو یونیسکو کریٹیو سٹیز نیٹ ورک (یو سی سی این) کا رکن نامزد کئے جانے اور ورلڈ کرافٹس کونسل (ڈبلیو سی سی)، ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے کرافٹ سٹی کے طور پر تسلیم کئے جانے کے بعد سے کشمیر نے خطے کے بھرپور فنکارانہ ورثے منانے اور اس کے تحفظ کے لئے اَپنی کوششیں تیز کی ہیں۔
