شہیدی چوک جموں میں جموںوکشمیر اِنڈسٹریز شوروم کا دورہ
جموں /نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے آج کہا کہ مقامی صنعت روزگار پیدا کرنے میں اہم رول اَدا کرتی ہے اور اِس کے علاوہ کسی خاص خطے کی معیشت کو فروغ دینے میں بھی مدد کرتی ہے۔اُنہوں نے کہا ،” کسی خاص علاقے کی معیشت کو فروغ دینے میں مقامی صنعتی شعبے کا رول اِنتہائی اہمیت کا حامل ہے اور موجودہ حکومت مختلف مداخلتوں اور صنعت دوست سکیموں سے اس کی مناسب ترقی کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔“اِن باتوں کا اِظہار نائب وزیرا علیٰ نے آج شہیدی چوک جموں میں جموں وکشمیر اِنڈسٹریز (جے کے آئی) شو روم کے دورے کے موقعے پر اَفسران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اِس موقعہ پر منیجنگ ڈائریکٹر جے کے اِنڈسٹریز وِکرم گپتا اور دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔
یہ دورہ مقامی صنعتوں کو فروغ دینے اورمقامی اور روایتی مصنوعات کی ترقی کی حوصلہ اَفزائی کے لئے حکومت کے جاری عزم کو اُجاگر کرتا ہے۔
سریندر کمار چودھری نے دورے کے دوران جموںوکشمیر اِنڈسٹریز کی طرف سے تیار کردہ شہتوت ریشم اور مقامی اون سے متعلق مصنوعات کی نمائش کرنے والے مختلف سٹالوں کا معائینہ کیا جو خطے کے ثقافتی ورثے کا لازمی جزو ہیں اور ٹیکسٹائل ورثے میں بھی ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔
نائب وزیرا علیٰ نے نمائش میں رکھی گئی مصنوعات کے معیار اور اصلیت کو سراہتے ہوئے روایتی ہنر بالخصوص عالمی شہرت یافتہ کشمیری شہتوت ریشم کے تحفظ کے لئے جے کے آئی کی کاوشوں کو سراہا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جے کے آئی کی مصنوعات کو مزید مسابقتی بنانے کے لئے اِنتظامیہ کو ان مصنوعات کی مارکیٹنگ پر زیادہ سائنسی اور سخت انداز میں توجہ مرکوز کرنی چاہئے اور قومی اور بین الاقوامی سطح پر مارکیٹ کی موجودہ مانگ کے مطابق معیار اور ڈیزائن کی اَپ گریڈیشن پر زور دیا۔
اُنہوں نے کہا ،” ہم معیشت کو فروغ دینے اور اِس کے نتیجے میں جموں و کشمیر میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے مقامی صنعتوں کی مدد کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔ حکومت جموں و کشمیر اور دیگر مقامی کاروباری اِداروں کو ان کی دیرپاترقی اور عالمی مسابقت کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری مدد فراہم کرے گی۔“
سریندر کمار چودھری نے جے کے آئی اَفسروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ مقامی دستکاریوں کو فروغ دینے کے لئے اَپنی کوششیں جاری رکھیںجو خطے کی اِقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے اہم ہیں۔