ممبئی: ممبئی میں فلم اداکار سیف علی خان کے باندرہ ویسٹ میں واقع گھر میں جمعرات علی الصبح چوری کی واردات میں سیف علی خان زخمی ہوگئے۔پولیس نے بتایا کہ آج علی الصبح تقریباً ساڑھے تین بجے سیف علی خان اور ان کی اہلیہ اداکارہ کرینہ کپور کے باندرہ ویسٹ کے گھر میں بڑی چوری ہوئی۔ چوری کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ بھی کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ سیف علی خان کو علاج کے لیے لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اداکار کو پہلے چاقو مارا گیا یا وہ چور کے ساتھ ہاتھا پائی میں زخمی ہوئے۔ممبئی پولیس اور کرائم برانچ دونوں اس معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔لیلاوتی اسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر نیرج اتمانی نے بتایا کہ سیف علی کو 3.30 بجے اسپتال لایا گیا۔ حملے میں سیف کو چھ زخم آئے جن میں سے دو بہت گہرے ہیں۔ ہم اس کا آپریشن کر رہے ہیں۔ یہ آپریشن نیورو سرجن نتن ڈانگے اور کاسمیٹک سرجن لینا جین کر رہے ہیں۔انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ چوروں کا سراغ لگانے کے لیے کئی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ایف آئی آر بھی درج کی جا رہی ہے۔
یہ واردات اس وقت پیش آئی جب سیف اپنی اہلیہ کرینہ کے باندرہ ویسٹ والے اپنے گھر ستگورو شرن میں اہل خانہ کے ساتھ سو رہے تھے۔ اب اسپتال میں خاندان کے تمام افراد کے ساتھ ان کے دو بیٹے تیمور اور جیہ ہیں۔
سیف علی سابق کرکٹر منصور علی خان اور اداکارہ شرمیلا ٹیگور کے بیٹے ہیں۔