سری نگر: وزیر اعظم نریندر مودی کے کشمیر دورے کے پیش نظر دارالحکومت سرینگر اور گاندربل میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سرینگر کی سبھی شاہراہوں پر موبائل چیک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں راہگیروں اور مسافروں کی باریک بینی سے تلاشی کی جا رہی ہے، وہیں گاڑیوں کی بھی تلاشی لی جا رہی ہے۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی کا کڑا پہرا بٹھایا گیا ہے۔
جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ نالین پربھات، آئی جی کشمیر وی کے بردی کے علاوہ دیگر سلامتی اداروں سے وابستہ سینئر آفیسران سونہ مرگ میں خیمہ زن ہے۔
سری نگر سونہ مرگ شاہراہ پر کئی مقامات پر ایس ایس جی کمانڈوز کو بھی تعینات کیا گیا ہے جبکہ ڈرون کیمروں کے ذریعے لوگوں پر نظر گزر رکھی جارہی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ فور شور روڈ ، حبک کراسنگ سے لے کر پاندچھ گاندربل تک چپے چپے پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جو سکوٹیز اور موٹر سائیکلوں کو روک کر ان کی باریک بینی سے تلاشی لے رہے ہیں۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے ہفتے کے روز سری نگر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ سری نگر میں کئی مقامات بشمول تجارتی مراکز تاریخی لالچوک، جہانگیر چوک، بتہ مالو وغیرہ میں سیکورٹی فورسز نے ناکے لگائے ہیں جہاں لوگوں کی جامہ تلاشی کی جا رہی ہے اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پیدل سفر کرنے والوں کو بھی ان ناکہ پوائنٹس پر روکا جاتا ہے اور ان کی جامہ تلاشی لی جاتی ہے اور گاڑیوں خاص کر موٹر سائیکل سواروں کو بھی روکا جاتا ہے اور ان کی تلاشی اور پوچھ چھ کی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گگن گیر ، سونہ مرگ علاقوں کو پوری طرح سے فوجی چھاونی میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ زڈ مورہ ٹنل کے اردگرد علاقوں کو ایس پی جی کمانڈوز نے اپنی تحویل میں لے کر وہاں پر کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم مودی نیل گراٹھ ہیلی پیڈ پر اترکر گگن گیر سونہ مرگ میں زڈ مورہ ٹنل کا افتتاح کریں گے۔
باوثوق ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم مودی زڈ مورہ ٹنل کا افتتاح کرنے کے بعد عوامی جلسے سے بھی خطاب کریں گے اور اس جلسے کوکامیاب بنانے کی خاطر بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ نے تمام تر تیاریاں مکمل کی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس، ، فوج ، سی آرپی ایف نے سونہ مرگ کی اونچی پہاڑیوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جدید ترین ڈرون کیمروں کے ذریعے پہاڑی علاقوں پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں اور ہر ایک گھنٹے کے بعد سیکورٹی انتظامات کے بارے میں سینئر عہدیدارو ں کو آگاہی فراہم کی جارہی ہیں۔
پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ سونہ مرگ اور گگن گیر کے پہاڑی علاقوں میں اضافی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ 20کلومیٹر کے دائرے میں نیل گراٹھ، سونہ مرگ، گگن گیر ، ہاکنار، سرفراو ، کنگن اور دیگر علاقوں میں بھی پیرا ملٹری فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری، جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ زڈ مورہ ٹنل کے افتتاح کے موقع پر موجود رہیں گے۔
زڈ مورہ ٹنل ضلع گاندربل میں گگن گیر اور سونہ مرگ شاہراہ کے درمیان 6.5کلومیٹر پر محیط ہے ۔ اس کا نام سڑک کے زڈ شکل کے حصے کے طورپر رکھا گیا ہے اور اب اس کو ٹنل میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
برف باری کے بعد گگن گیر کے مقام پر کئی ہفتوں تک گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو کررہ جاتی تھی تاہم اب ٹنل کی تعمیر سے اس شاہراہ پر سال بھر ٹریفک کی نقل وحمل بحال رہے گی۔