سری نگر: جرائم کا پتہ لگانے، تلاشی اور بچاؤ کی کارروائیوں اور دھماکہ خیز مواد کا پتہ لگانے میں جموں و کشمیر پولیس کی صلاحیتوں کو تقویت دینے میں ایک اہم پیشرفت میں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں جمعہ کے روز ایک جدید ترین ‘ڈاگ کینل’ کی سہولت کا افتتاح کیا گیا۔
اس کینل کا افتتاح جنوبی کشمیر رینج کے ڈپٹی انسپپکٹر جنرل جاوید اقبال متو نے ضلع پپولیس لائنز اننت ناگ میں کیا اور اس دوران ایس ایس پی اننت ناگ ڈاکٹر جی وی سندیپ چکرورتی بھی اس تقریب میں موجود تھے۔اس موقع پر جاوید اقبال نے اپنے خطاب میں جدید پولیسنگ میں اچھی تربیت یافتہ کینائن یونٹس کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولت پولیس کتوں کی تربیت اور دیکھ بھال کے لیے ایک بہترین ماحول فراہم کرنے کے لیے بنائی گئی ہے اور اس طرح فورس کی آپریشنل کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
ایس ایس پی اننت ناگ سندیپ چکرورتی نے کینل کے قیام میں پولیس ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جدید آلات اور تکنیکوں سے فائدہ اٹھانے کے محکمے کے عزم کی تصدیق کی۔افتتاح میں تربیت یافتہ کینائن یونٹ کی مہارت کا لائیو مظاہرہ پیش کیا گیا، جسے بڑے پیمانے پر سراہا گیا۔ایک پولیس ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام ضلع کے پولیسنگ انفراسٹرکچر اور آپریشنل تیاریوں کو مضبوط بنانے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔