سری نگر: منشیات فروشوں کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک منشیات فروش کی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت قریب ایک کروڑ روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو منسلک کر دیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ اور اس کے مالیاتی نیٹ ورکس کے خلاف ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے اننت ناگ پولیس نے ستکی پورہ کے رہنے والے عبدالغنی ڈار کے بیٹے خورشید احمد ڈار کے دو منزلہ رہائشی مکان کو ضبط کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس جائیداد جو 1 کنال اراضی پر بنائی گئی تھی اور جس کی قیمت تقریباً 1 کروڑ روپے تھی، کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68 ایف کے تحت منسلک کیا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ اس مکان کو منشیات کی سمگلنگ سے حاصل ہونے والی آمدنی سے تعمیر کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزم پولیس اسٹیشن سری گفوارہ میں ایف آئی آر نمبر 47/2019 کے تحت درج منشیات کے ایک بڑے کیس میں ملوث ہے، جس میں کافی مقدار میں ممنوعہ اشیاء کی برآمدگی شامل ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ فیصلہ کن قدم منشیات کی لعنت کو ختم کرنے اور منشیات کی غیر قانونی تجارت کی حمایت کرنے والے معاشی ڈھانچے کو ختم کرنے کے لیے اننت ناگ پولیس کے عزم کی نشاندہی کرتا ہےنہوں نے کہا کہ اس کارروائی کا مقصد مجرمانہ سرگرمیوں کو روکنا اور معاشرے کو منشیات کے استعمال کے منفی اثرات سے بچانا ہے۔