لفٹینٹ گورنر نے جموں میں کشمیری پنڈت پریمیر لیگ ( کے پی پی ایل ) کے 5 ویں ایڈیشن کا افتتاح کیا
جموں/لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج ایم اے سٹیڈیم جموں میں کشمیری پنڈت پریمیر لیگ ( کے پی پی ایل ) کے 5 ویں ایڈیشن کا افتتاح کیا ۔ اپنے خطاب میں لفٹینٹ گورنر نے جموں کے سب سے بڑے کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ زندگی کی بہترین تعریف کھیلوں سے ہوتی ہے ۔ زندگی کے اہم مقاصد میں سے ایک جسم ، دماغ اور روح کے درمیان ٹھیک توازن برقرار رکھنا ہے اور کھیل ہمیں یہی سکھاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا میدان ہمیں خوابوں کو عمل اور کارکردگی میں تبدیل کرنے کی ترغیب دیتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ” کھیل ہمیں ناممکن کو حاصل کرنے کا حوصلہ اور عزم فراہم کرتا ہے ۔ کھیل ہمیں خواب دکھاتے ہیں اور ان خوابوں کو پورا کرنے کی طاقت اور ہمت فراہم کرتے ہیں ۔ “لفٹینٹ گورنر نے کھیلوں کو فروغ دینے کی کوششوں پر للیتادتیہ سپورٹس ، ایجوکیشن اور ہیلتھ آرگنائیزیشن کو مبارکباد دی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ میں اکثر ایک بات کہتا ہوں کہ کسی بھی کھلاڑی کی بہترین کارکردگی کسی دوسرے کھلاڑی یا ٹیم کیلئے نہیں ہوتی بلکہ وہ اپنی حدود کو عبور کرنے کے لئے کھیلتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈت پریمیر لیگ جیسے اقدامات کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور اپنی حدود کو دور کرنے کیلئے ایک متحرک پلیٹ فارم فراہم کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے ملک کے مختلف حصوں میں رہنے والے کشمیری پنڈت برادری کے ممبران کے درمیان ایک اچھا تعلق پیدا کرنے میں مدد ملے گی ۔ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر نے کشمیری پنڈت برادری کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کشمیری پنڈت برادری ہماری ثقافت میں موجود قربانی ، لچک ، عزم اور قوم پرستی کے نظریات اور اقدار کی زندہ مثال ہے ۔ مجھے قومی اور بین الاقوامی میدان میں ان کی کامیابیوں پر واقعی فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں کشمیری پنڈت برادری کو ملک کے روشن مستقبل کیلئے روشنی کی کرن کے طور پر دیکھتا ہوں ۔ لفٹینٹ گورنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں’ وکاس بھی وراثت بھی ‘کے وژن پر عمل کرنا چاہئیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہئیے کہ ہر نوجوان کو ترقی کے عمل میں شامل کیا جائے اور اس کا فائدہ اٹھایا جائے ۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی سماجی اور ثقافتی جڑوں سے جُڑے رہیں اور معاشرے کی بے لوث خدمت کریں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا مجھے جموں کشمیر کے نوجوانوں پر بہت اعتماد ہے ۔ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم انہیں ضروری مواقع فراہم کریں اور ان کا ہاتھ بٹائیں اور انہیں بااختیار بنائیں کہ وہ وکشت بھارت کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا حصہ ڈالیں ۔ صدر للیتا دتیہ اسپورٹس، ایجوکیشن اینڈ ہیلتھ آرگنائزیشن مسٹر انیل بھٹ نے کشمیر میں بھی اسی طرح کا ٹورنامنٹ منعقد کرنے کے لئے اپنی تنظیم کی مستقبل کی کوششوں کا اشتراک کیا ۔ سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ مسٹر سرمد حفیظ ، ڈویژنل کمشنر جموں جموں مسٹر رومیش کمار ، ریلیف اینڈ ری ہیبلی ٹیشن کمشنر (مائیگرنٹ ) جے اینڈ کے ڈاکٹر اروند کاروانی ، یو ٹی اور پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران ، ممتاز شہری ، کھلاڑی اور للیتا دتیہ اسپورٹس ، ایجوکیشن اور ہیلتھ آرگنائیزیشن کے ارکان موجود تھے ۔