سری نگر:نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ایڈوکیٹ شوکت احمد میر نے منگل کے روز کہاکہ عوامی نمائندہ سرکار لوگوں کے مسائل و مشکلات حل کرنے میں مصروف عمل ہے
انہوں نے کہا کہ جو وعدے انتخابی منشور میں کئے گئے تھے اُن کو ایک ایک کرکے پورا کیا جائے گا۔اس کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے خصوصی درجہ اور ریاست کی بحالی کی جدوجہد میں بھی نیشنل کانفرنس سرگرمِ عمل ہے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے پارٹی صدر دفتر پر کارکنوں سے خطاب کے دوران کیا۔
شوکت میر نے کہاکہ سخت ترین سردی کے بیچ لوگوں کو جن مسائل کا سامنا ہے اُن کا ازالہ کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے تمام مصروفیات منسوخ کرکے سرینگر میں مسلسل ایک ہفتے تک قیام پذیر رہنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس دوران وہ بجلی کی سپلائی کی بہتری کے علاوہ پینے کے صاف پانی کی سپلائی اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بذات خود نگرانی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ایک عوامی حکومت اور افسر شاہی میں یہی فرق ہوتا ہے۔ عوامی حکومت کے نمائندے ہر وقت لوگوں کیلئے دستیاب ہوتے ہیں اور ہر وقت لوگوں کے مسائل و مشکلات کا ازالہ کرانے میں مصروف رہتے ہیں جبکہ گذشتہ 6سالہ افسر شاہی میں عوام کا کوئی پُرسان حال نہیں تھا، لوگوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا تھا اور صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلایا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی نومنتخبہ حکومت اور ہمارے عوامی نمائندوں نے یہ بات ثابت کرکے دی ہے کہ جمہوری نظام اور عوامی راج کا کوئی متبادل نہیں ہوسکتا ہے ۔
صوبائی صدر نے وہاں موجود عہدیداروں اور کارکنوں سے تاکید کی کہ وہ جماعت کی مضبوطی کیلئے کام کرے کیونکہ جماعت ہی ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔