سری نگر:پی ڈی پی کی سینئر لیڈر اور محبوبہ مفتی کی صاحبزادی التجا مفتی نے پیر کے روز کہاکہ نوجوانوں کے مستقبل کو بچانے کی خاطر ریزرویشن پالیسی کو کالعدم قرار دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ریزرویشن معاملے پر سرکار نے جو کمیٹی تشکیل دی تھی وہ لوگوں کے توقعات پر کھرا اترنے میں ناکام ثابت ہو چکی ہے۔
ان باتوں کا اظہار التجا مفتی نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے الیکشن سے قبل جموں وکشمیر کے لوگوں سے وعدہ کیا تھا کہ ریزرویشن پالیسی کو منسوخ کیا جائے گا۔
پی ڈی پی لیڈر نے کہاکہ دو مہینے ہو گئے لیکن عمر عبداللہ کی سربراہی والی سرکار عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ریزرویشن پالیسی پر عمر عبداللہ نے ایک سب کمیٹی تشکیل دی لیکن ایک ماہ گزر جانے کے بعد کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش نہیں کی ۔
انہوں نے کہاکہ ریزرویشن پالیسی پر سبھی سیاسی پارٹیوں کو اب آگے آنا چاہئے کیونکہ یہ نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔
ان کے مطابق پی ڈی پی نے ہمیشہ اتحاد و اتفاق کی بات کی اور محبوبہ مفتی نے گپکار الائنس کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کیا تھا ۔
التجا مفتی نے کہاکہ آج وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہر دھرنا غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے ۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے نوجوان ریزرویشن پالیسی کا خاتمہ چاہتے ہیں لہذا سرکار کو بھی اس پر فوری طورپر اپنا فیصلہ سنانا چاہئے۔