نئی دہلی: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کل سے روس کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔وزارت دفاع نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ دورے کے دوران وزیر دفاع اور روس کے وزیر دفاع اینڈری بیلوسوف منگل کو ماسکو میں فوجی اور فوجی تکنیکی تعاون پر ہند-روس بین الحکومتی کمیشن کے 21ویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
دونوں رہنما فوجی تعلقات، صنعتی تعاون، اور دفاعی شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان کثیر الجہتی تعلقات کا جائزہ لیں گے۔ وہ باہمی دلچسپی کے معاصر علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی خیالات کا تبادلہ کریں گے۔
وزیر دفاع پیر کو ینتر شپ یارڈ، کالینن گراڈ میں ہندوستانی بحریہ کے جدید ملٹی رول اسٹیلتھ گائیڈڈ میزائل فریگیٹ ’آئی این ایس توشل’ کو بحریہ کے بیڑے میں شامل کریں گے۔ اس موقع پر بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے تریپاٹھی بھی راجناتھ سنگھ کے ساتھ ہوں گے۔
اس کے علاوہ وزیر دفاع ماسکو میں ’دی ٹومب آف دی ان ناؤن سولجر‘ پر دوسری عالمی جنگ میں شہید ہونے والے سوویت فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ وہ ہندوستانی کمیونٹی کے اراکین سے بھی ملاقات کریں گے۔
یواین آئی