ترواننت پورم: ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) کے سائنسدان پرمود آر نائر کو ہائی انرجی میٹریل سوسائٹی آف انڈیا نے ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ سے نوازا ہے۔
ڈی آر ڈی او اور اسرو کی مشترکہ تنظیم ہائی انرجی میٹریلز سوسائٹی آف انڈیا نے ’ ایم آر کوروپ اینڈومینٹ ایوارڈ‘ شروع کیا ہے، جو اعلی توانائی کے مواد (پروپیلنٹ اور پائروس) کے شعبے میں کام کرنے والے نوجوان سائنسدانوں کو تسلیم کرتا ہے۔
اسرو کے چیئرمین ڈاکٹر ایس سومناتھ نے ڈی آر ڈی او کے ڈائریکٹر جنرل اور وی ایس ایس سی، ایل پی ایس سی اور آئی ایس یو کے ڈائریکٹروں کی موجودگی میں ایوارڈ پیش کیا۔
واضح رہے کہ ایم آر کروپ ایک ہندوستانی راکٹ سائنسدان تھے اور وکرم سارابھائی اسپیس سینٹر (وی ایس ایس سی ) میں ہندوستان کے پہلے ٹھوس راکٹ پروپلشن پلانٹ کے بانی تھے۔ انہیں ترواننت پورم میں وی ایس ایس سی سینٹر کے ڈائریکٹر کے طور پر آگمینٹیڈ سیٹلائٹ لانچ وہیکل (اے ایس ایل وی) کے کامیاب لانچ میں اپنے تعاون کے لیے جانا جاتا ہے۔
کیرالہ کے چنگنور کے رہنے والے مسٹر کروپ نے اپنے کیرئیر کا آغاز اسرو کے وی ایس ایس سی سے کیا۔ انہوں نے وی ایس ایس سی میں جنرل مینیجر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور کیمیکلز، میٹریلز اور پروپلشن یونٹس کے چیف ایگزیکٹو جیسے مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں، جہاں انہیں اے پی جے عبدالکلام کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔
اپنے دور میں انہوں نے ملک میں پہلا ٹھوس راکٹ پروپلشن پلانٹ قائم کیا۔ وہ وکرم سارابھائی کی طرف سے پہلی ہندوستانی سیٹلائٹ لانچ وہیکل ڈیزائن کرنے کے لیے منتخب کی گئی ٹیم کے رکن بھی رہے ہیں۔ انہیں 1990 میں ملک کے چوتھے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم شری سے بھی نوازا گیا ہے۔
یو این آئی