جمعرات, جنوری ۲۳, ۲۰۲۵
0.9 C
Srinagar

محکمہ برقیات کی غفلت شعاری ،بجلی ٹرانسفار مروں کی ننگی تاریں باعث خطرہ

نیوزڈیسک

سرینگر : محکمہ برقیات کی مجر مانہ غفلت شعاری کہیے یا کوتاہی شہر سرینگر میں جگہ جگہ بجلی ٹرانسفار مر ایسے نصب کئے گئے ، جن سے ہمہ وقت جان لیواءحادثات رونما ہونے کے خطرات لا حق رہتے ہیں ۔شہر سرینگر کے کئی علاقوں سے عوامی وفود نہ یہ شکایات کیں کہ بجلی ٹرانسفارمروں کی زمین کو چھوتی ننگی تاریں شہریوں کی زندگیوں کے لئے باعث خطرہ ہیں ۔

ان کا کہناتھا کہ بجلی ٹرانسفار مروں کو بجلی سپلائی کرنے والی ہائی وولٹیج یہ ننگی تاریں قدِ آدم سے نیچے لٹکتی رہتی ہیں ،جسے کے چھونے سے ہی کسی بھی وقت کسی بھی شہری کی موت واقع ہوسکتی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ بچے اسکول جانے یا کھیلنے کے دوران ان ہائی وولٹیج ننگی تاروں کو انجانے میں چھو بھی سکتے ہیں ،جسکی وجہ سے قیمتیں جانوں کا اتلاف ہونے کا خطرہ لاحق رہتا ہے ۔جبکہ ایسی ننگی تاروں سے چنگاریاں بھی اٹھتی رہتی ہیں ،جو آتشزدگی کا باعث بھی بن سکتی ہیں ۔

محکمہ برقیات پر مجرمانہ غفلت شعاری کا الزام

انہوں نے کہا کہ جہاں انسان ان ننگی تاروں سے خود کو غیر محفوظ تصور کررہا ہے ،وہیں جانوروں کو بھی ان ننگی تاروں سے خطرہ لاحق رہتا ہے ۔زونی مر سرینگر کے شہریوں نے بتایا کہ راشن گھاٹ کے نزدیک ایک بجلی ٹرانسفار مر نصب کیا گیا ،جسکی ننگی تاریں مقامی آبادی کے لئے خطرہ ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ بجلی ٹرانسفارمر دو تین فٹ کنکریٹ بلاک پر نصب کیا گیا ،لیکن تین فٹ کی اونچائی پر ننگی تاروں کے ذریعے بجلی ٹرانسفار مر کو بجلی سپلائی فراہم کی جارہی ہے اور اسی طرح محلے کو بجلی سپلائی فراہم کی جارہی ہے ۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ بارہا اس حوالے سے محکمہ برقیات کے فیلڈ عملے اور آفیشل افسران کو آگاہ کیا گیا ،لیکن کوئی سنجیدہ قدم اس ضمن میں نہیں اٹھایا گیا ۔اسی طرح دیگر کئی علاقوں نے بھی شکایات کیں ۔انہوں نے کہا کہ شہر خاص ایک گنجان آبادی والا شہر ہے ،جہاں گلی کوچوں میں ننگی تاریں مکانوں کی چھتوں کیساتھ ساتھ زمین سے باتیں کرتے ہوئے بچھائی گئی ہیں ،جسکی وجہ سے ناخوشگوار واقعات کا خطرہ لاحق رہتا ہے ۔

شہریوں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ برقیات کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت شعاری کی وجہ سے شہر کے بیشتر علاقوں میں موت کے سائے منڈلانے لگے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف سمارٹ میٹروں کی تنصیب کی جارہی ہے اور ترسیلی نظام کو ڈیجیٹل لائز کیا جارہا ہے ،وہیں دوسری جانب ننگی تاریں انسانی کے سروں پر ننگی تلواروں کی مانند ہیں ۔

زمین سے باتیں کرتی ننگی بجلی تاریں

شہرخاص کے مختلف علاقوں میں بجلی کی ننگی تاریں کافی عرصہ سے زمین کو چھو رہی ہیں۔ شہریوںنے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ننگی تاریں بچوں اور بڑوں کے لئے وبال جان بن گئی ہیں۔ خطرناک تاریں کسی بھی وقت جانی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر وقت اپنے چھوٹے بچوں کی فکر لاحق رہتی ہے۔ محکمہ برقیات کے حکام کو علم بھی ہے لیکن وہ مکمل خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

ادھر محکمہ برقیات کے حکام نے بتایا ترسیلی نظام کو درست کرنے کے لئے مرحلہ وار بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔تاہم شہریوں نے عوامی حکومت کے ذمہ داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ضمن میں نوٹس لے اور مسئلے کی جانب خاص توجہ مرکوز کی جائے ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img