جموں کشمیر میں دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام اور ملی ٹنٹوں کا مکمل صفایا کر دیا جائے گا: منوج سنہا
جموں:لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے دہشت گردی کے ایکو سسٹم کو ختم کرنے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ سماج کے ہر طبقے کو اپنی ذمہ داری نبھا کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامل ہونا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ قوم ہمیشہ ان بہادر سپاہیوں کی مقروض رہے گی جنہوں نے اتحاد، سالمیت، امن اور ترقی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ان باتوں کا اظہار ایل جی منوج سنہا نے ریاسی میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ایکو سسٹم کو ختم کرنے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیاں اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہیں تاہم سماج کے ہر طبقے کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا بھر پور تعاون فراہم کرنا چاہئے۔
منوج سنہا نے کہا :’جموں وکشمیر میں دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کو پوری طرح سے ختم کرکے مرکزی زیر انتظام علاقے میں بہت جلد دہشت گردی کا صفایا کیا جائے گا۔‘ جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں جموں وکشمیر میں حالات یکسر تبدیل ہوئے ہیں۔ان کے مطابق گزشتہ چار برسوں کے دوران جموں وکشمیر میں ہر شعبے نے ترقی کی ہے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو مزید تیز تر کرنے ، صنعتوں کے لئے سازگار ماحول بنانے اور معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی خاطر بھی زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔”لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں جموں وکشمیر اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور حالات میں بھی معمول پر آ رہے ہیں۔