بدھ, دسمبر ۴, ۲۰۲۴
2.9 C
Srinagar

لوگ صرف پولیس مہم کے دوران ہی نہیں بلکہ ہر وقت ٹریفک قوانین کی پیروی کریں: آر ٹی او کشمیر

سری نگر،:ریجنل ٹرانسپورٹ افسر (آر ٹی او) کشمیر سید شہنواز بخاری کا کہنا ہے کہ لوگوں کو صرف پولیس مہم کے دوران ہی نہیں بلکہ ہر وقت ٹریفک قوانین کی پیروی کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ جب تک لوگ اپنی اپنی ذمہ داریوں کو نہیں سمجھیں گے تب تک ہم اپنے اس مشن میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

موصوف آر ٹی او نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘پولیس کی طرف سے ٹریفک قوانین پر عمل در آمد کے لئے جاری مہم کے ایک خوش آئند بات ہے اور اس کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہمیں صرف پولیس کے ڈر سے ٹریفک قوانین پر عمل نہیں کرنا چاہئے بلکہ یہ سمجھ کر ایسا کرنا چاہئے کہ یہ ہمارے اور دوسروں کے جانوں کی ضمانت ہے’۔

مسٹر بخاری نے کہا کہ دوسروں کی زندگیوں اور حقوق کا تحفظ کرنا تمام مذاہب کی تعلیمات میں شامل ہے لہذا ہمیں بھی ان تعلیمات پر عمل کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا: ‘جب ہم میں یہ شعور پیدا ہوگا کہ ہم ڈر سے نہیں بلکہ ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے ٹریفک قوانین کی پیروی کریں تب ہم اپنے مشن میں کامیاب ہوسکتے ہیں’۔چالانوں کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘چالان ہو رہے ہیں لیکن زیادہ چالان ہونا مسئلہ نہیں ہے بلکہ کم چالان ہونا ہی بہتر صورتحال کی عکاسی کرسکتا ہے’۔لائسنسز کی فراہمی کے بارے میں موصوف آر ٹی او نے کہا کہ دو برسوں کا ‘بیک لاگ’ تھا کیونکہ ٹنڈر پاس نہیں ہوئے تھے’۔انہوں نے کہا کہ اب یہ کلیئر ہوا ہے اور جلد ہی ہم وقت پر لائسنسز کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img