سکینہ اِیتو نے حضرت بل حلقہ کا تفصیلی دورہ کیا اور صحت سہولیات اور تعلیمی اِداروں کا معائینہ کیا
سری نگر/وزیربرائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم محترمہ سکینہ اِیتو نے آج یہاں ضلع سری نگر کے حضرت بل حلقہ کاتفصیلی دورہ کیا اور عوامی اہمیت کے متعدد اِداروں کا معائینہ کیا۔اِس دُورے کا مقصد حضرت بل کے کئی اہم صحت اور تعلیمی اِداروں جیسے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈِی ایچ) حبک ، گورنمنٹ مڈل سکول حبک، این ٹی پی ایچ سی زکورہ اور گورنمنٹ سکول زکورہ کا احاطہ کرنا تھا جس کا مقصد اِن سرکاری اِداروں کی صورتحال کا جائزہ لینا اور مزید بہتری کے لئے موقعے پر رائے حاصل کرنا تھا۔وزیر موصوفہ نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال زکورہ میں سہولیت کا تفصیلی معائینہ کیا اور بنیادی ڈھانچے، مریضوں کی سہولیات اور طبی آلات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ڈاکٹروں، نرسوں اور تکنیکی ماہرین سمیت طبی عملے سے اِستفساری گفتگو کی تاکہ ان کے مسائل اور ضروریات کو سمجھا جاسکے۔ اِس موقعہ پر موجود طبی عملے نے وزیر موصوفہ کو ہسپتال میں دستیاب سہولیات کے بارے میں بتایا اور ہسپتال سے متعلق متعدد معاملات کو بھی اُجاگر کیا۔اُنہوں نے ہسپتال کے اِضافی بلاک کی تعمیر میں روک کے معاملے پر بھی بات کی ۔ اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اور وِی سی ایل سی ایم اے کو ہدایت دی کہ وہ دیگر شراکت داروں کے ساتھ مِل کر مسائل کو حل کریں اور پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے جلد اَز جلد کام کو دوبارہ شروع کریں۔وزیر موصوفہ نے ہسپتال کے دورے کے موقعے پر مقامی لوگوں کے اِجتماع سے بھی خطاب کیا۔محترمہ سکینہ اِیتو نے اَپنے خطاب کے دوران عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے تمام شہریوں کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کے عزم کو اُجاگر کیا۔ اُنہوںنے کہا،”ہماری حکومت عوام کی اور عوام کے لئے ہے اور ہم بڑے پیمانے پر عوام سے متعلق ہر مسئلے کو حل کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔“اُنہوںنے اپنے خطاب میں مقامی لوگوں کو یقین دِلایا کہ سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال کے کام کاج میں جو بھی کوتاہی ہے اسے فوری طور پر دُور کیا جائے گا۔رُکن قانون ساز اسمبلی حضرت بل سلمان علی ساگر نے بھی اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو یقین دِلایا کہ حکومت لوگوں کی شکایات اور مسائل کو دور کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے حضرت بل حلقہ سے متعلق کئی مسائل بھی وزیر موصوفہ کی نوٹس میں لائے۔بعد میں وزیر سکینہ اِیتو نے گورنمنٹ مڈل سکول حبک کا دورہ کیا اور اِدارے کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے سکول اِنتظامیہ کے ساتھ بات چیت کی اور ان سے اِدارے کی ضروریات کے بارے میں جائزہ لیا۔ اِس موقعہ پر اُنہوں نے ڈائریکٹر سکولی تعلیم کو سکول کی اَپ گریڈیشن کا عمل شروع کرنے کے لئے موقعے پر ہی ہدایات دیں۔ اُنہوں نے حکام کو سکولی عمارت کی فوری تزئین و آرائش کرنے کے لئے بھی کہا۔بعدازاں، وزیر موصوفہ نے منی میٹرنٹی سینٹر زکورہ، این ٹی پی ایچ سی زکورہ اور گورنمنٹ سکول زکورہ کا بھی معائینہ کیا۔ اُنہوںنے بند شدہ منی میٹرنٹی سینٹر پر ناراضگی اور برہمی کا اِظہار کیا اور صحت حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس سینٹر میں خدمات کو فوری طور پر بحال کریں کیوں کہ یہ گاندربل سمیت بڑے علاقے کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ اُنہوں نے اُنہیں عمارت کی تزئین و آرائش اورسینٹر میں عملے کی تعیناتی کی بھی ہدایت دی۔محترمہ سکینہ اِیتو نے این ٹی پی ایچ سی زکورہ میں میڈیکل آفیسر اور پیرامیڈیکل سٹاف کی تعیناتی کی بھی ہدایت دی۔ اُنہوں نے گورنمنٹ سکول زکورہ کو ہائیر سیکنڈری سطح پر اَپ گریڈ کرنے کا عمل شروع کرنے کی بھی ہدایت دی۔وزیر موصوفہ کے ہمراہ ایم ایل اے حضرت بل سلمان علی ساگر، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ، پرنسپل جی ایم سی سری نگر، وِی سی ایل ایم اے، ڈائریکٹرسکولی تعلیم کشمیر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر اور ضلعی اِنتظامیہ کے دیگر سینئر افسران بھی تھے۔