جموں/سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے آج یہاں نئے اسمبلی کمپلیکس پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو ، سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) بھوپندر کمار، سیکرٹری قانون اچل سیٹھی ، سیکرٹری قانون ساز اسمبلی منوج کمار پنڈٹ ، ڈی جی فائنانس ( بجٹ ) محمد سلطان ، چیف اِنجینئر آر اینڈ بی اور دیگر سینئر اَفسران نے نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ سپیکر نے نئی قانون ساز اسمبلی کمپلیکس کی عمارت کے کام کی موجودہ صورتحال اور دیگر متعلقہ پہلوو¿ں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے منصوبے پر مالی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے منصوبے کی آسانی سے عمل در آمد میں رُکاوٹ بننے والے مختلف مسائل کے بارے میں مختلف حلقوں سے براہ راست جائزہ بھی لیا۔
میٹنگ میں سیکرٹری آر اینڈ بی نے سپیکرموصوف کو یقین دِلایا کہ وہ محکمہ خزانہ کے مشاہدے کا جواب دو روز کے اندر دیں گے جس کے بعد سیکرٹری قانون اس معاملے کو ہفتوں کے اندر نظر ثانی شدہ ڈِی پی آر کی منظوری کے لئے مجاز اَتھارٹی کے سامنے اٹھائیں گے۔سپیکرموصوف نے عمل آوری ایجنسی کے اَفسران کو ہدایت دی کہ منصوبے پر تعمیراتی کام دوبارہ شروع کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ اُسے مقررہ مدت میں مکمل کیا جاسکے۔ اُنہوں نے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے اَفراد اور مشینری کو متحرک کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے عمل آوری ایجنسی پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ کام کا ہر پہلو معیار، حفاظت اور کارکردگی کے اعلیٰ ترین معیارات پر پورا اُترتا ہو۔ دورانِ میٹنگ سیکرٹری آر اینڈ بی نے سپیکر کو یقین دِلایا کہ محکمہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے تمام ضروری اَقدامات اُٹھائے گا۔بعد میں سپیکر قانون ساز اسمبلی نے نئے قانون ساز اسمبلی کمپلیکس کا بھی دورہ کیا اور عمارت کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائینہ کیا۔