سری نگر:میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے کشمیر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ حادثات پر قابو پانے میں مکمل طورپر ناکام ثابت ہو چکی ہے۔
مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سے قبل ایک بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو گاڑیاں خصوصاً موٹر سائیکلیں فراہم کرنے میں احتیاط سے کام لیں کیونکہ یہ بچے عموماً بہت تیز رفتارسے گاڑی چلا کر نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جانیں بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
میرواعظ نے انتظامیہ پر شدید تنقید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئے روز ریاست میں ہو رہے ٹریفک حادثات کو روکنے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے خصوصاً نوجوان لڑکے جو بغیر ہیلمٹ کے تیز رفتاری کے ساتھ موٹر سائیکلیں چلا رہے ہوتے ہیں اور اکثر و بیشتر اس کے نتیجے میں یہ لوگ زخمی بھی ہو رہے ہیں اور کبھی کبھار جان لیوا حادثات بھی رونماہو رہے ہیں۔
میرواعظ نے انتظامیہ پر زوردیا کہ وہ ان سڑک ٹریفک حادثات کو روکنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائیں اور Road safety awarenessکو یقینی بنانے کیلئے بھی اقدام اٹھائیں۔
میرواعظ نے کشمیر کی سکھ برادر ی کو ان کے مذہبی تہوار گرو پورب پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی سکھ برادری انتہائی مشکل حالات میں خصوصاً چھٹی سنگھ پورہ کے المناک واقعہ کے وقت بھی یہاں کی مسلم برادری کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہے اور اس طرح انہوں نے آزمائش کے مراحل میں بھی ہمارے ساتھ اپنے رشتوں کو ثابت قدمی کے ساتھ نبھایا۔
میرواعظ نے امید ظاہر کی کہ کشمیر کی اکثریتی اور اقلیتی برادریوں کے درمیان روابط بڑھتے رہیں گے اور باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر یہ مزید پھلتے پھولتے رہیں گے۔