پیر, نومبر 23, 2026
11.1 C
Srinagar

کرن رجیجو نے سری نگر میں بی بی حلیمہ نرسنگ کالج کا افتتاح کیا، وقف بورڈ کی سرگرمیوں کو سراہا

سری نگر، 23 نومبر: مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے پیر کے روز سری نگر کے کاٹھی دروازہ رعناواری  علاقے میں بی بی حلیمہ کالج آف نرسنگ اینڈ میڈیکل ٹیکنالوجی کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جموں و کشمیر وقف بورڈ کی مختلف سرگرمیوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے تمام وقف بورڈوں میں جموں و کشمیر وقف بورڈ بہترین کام انجام دے رہا ہے۔

کرن رجیجو پیر کی صبح سری نگر ہوائی اڈے پر پہنچے، جہاں جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں انہوں نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

کالج کے بنیادی ڈھانچے کا افتتاح کرنے کے بعد مرکزی وزیر نے ڈاکٹر درخشاں اندرابی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور یقین دلایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے وقف بورڈ کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کرن رجیجو نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر وقف بورڈ کی جانب سے انجام دیے گئے ترقیاتی کاموں سے کافی خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی بی حلیمہ نرسنگ کالج میں کئی اہم سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کو ترقی دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا، "میں درخشاں اندرابی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جموں و کشمیر وقف بورڈ ملک کے تمام وقف بورڈوں میں بہترین کام انجام دے رہا ہے۔ انہیں حکومتِ ہند اور میری جانب سے مکمل تعاون حاصل ہوگا۔”

کالج میں دستیاب سہولیات اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ یہ ادارہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔

انہوں نے کالج کے بنیادی ڈھانچے، کمروں، سہولیات اور مجموعی انتظامی نظام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے سے خطے میں تعلیم اور طبی تربیت کے شعبے کو تقویت ملے گی۔

کرن رجیجو نے مزید بتایا کہ اپنے دورۂ کشمیر کے دوران وہ درگاہ حضرت بل اور شیرِ کشمیر یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا بھی دورہ کریں گے۔

واضح رہے کہ بی بی حلیمہ کالج آف نرسنگ اینڈ میڈیکل ٹیکنالوجی کا افتتاح جموں و کشمیر وقف بورڈ کی جانب سے تعلیمی اور طبی تربیت کے شعبے میں ایک اور اہم اقدام ہے، جس کا مقصد خطے میں پیشہ ورانہ تعلیم اور تربیت کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔

(نیوز ایجنسیز)

Popular Categories

spot_imgspot_img