بڑی تقریب رعناواری سرینگر میں منعقد ،سکھ طبقہ سے وابستہ افراد نے بھاری تعداد میں شرکت کی
سرینگر/وادی کشمیر میں گرو نانک دیو کا یوم پیدائش ”گرو نانک کی جینتی “سکھ برادری کے افراد نے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب رعناواری سرینگر کے گرودوارہ چھٹی پاشاہی میں منعقد ہوئی جہاں سکھ طبقہ سے وابستہ افراد نے بھاری تعداد میں شرکت کی ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں ”گرو نانک کی جینتی “ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب رعناواری سرینگر کے گرودوارہ چھٹی پاشاہی میں منعقد ہوئی جہاں شدید ٹھنڈ کے باوجود مرد، خواتین اور بچوں سمیت سکھ طبقہ کے لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت کرکے وہاں تقریب میں حصہ لیا اس موقع پر جموں و کشمیر اور پورے ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔اسی طرح سے وادی کے دیگر حصوں بشمول ترال، بارہمولہ اور پلوامہ میں بھی یہ دن جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ادھر جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے سر گرو نانک دیو جی کے پرکاش پرو پر مبارکباد پیش کی۔لیفٹنٹ گورنر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم میں سے ہر ایک قابل احترام گرو کی عظیم تعلیمات کو اپنائے اور پسماندہ لوگوں کی بہتری کیلئے اپنے آپ کو لگن کو مضبوط بنائے، تمام سماجی امتیازات سے مبرا معاشرے کی تشکیل کریں۔ادھر جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی شری گرو نانک دیو جی مہاراج کے جنم دن کے پرمسرت موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی۔