متعدد وفود اور اَفراد نے گاندربل میں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور مسائل کا بروقت ازالہ کرنے کی یقین دہانی کی
گاندربل/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج گاندربل کے باشندوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور ان کے مسائل پر مسلسل سپورٹ اور کارروائی کا وعدہ کیا۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہارآج ڈاک بنگلو گاندربل میں مقامی مسائل کو دور کرنے کی خاطر گاندربل کے رہائشیوں سے براہ راست بات چیت کرنے کے لئے ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اِس موقعہ پروزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر اور دیگر سینئر افسران وفود کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل کا جائزہ لینے کے لئے موجود تھے۔ گاندربل کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے متعدد وفود نے وزیراعلیٰ کو اپنے اہم مسائل گوش گزار کئے اور بروقت ازالے کے لئے ان سے مداخلت کی درخواست کی ۔شالہ بُگ کے وفد نے فائر سروس کی سہولیت کے قیام اور ہائی سکول کی اَپ گریڈیشن، گنڈ روشن میں پلے فیلڈ کی ترقی جس کے لئے زمین کا ایک بڑا ٹکڑا دستیاب ہے، لٹی گنڈ روشن میں جہلم کی طرف سے بینک نالے کی مضبوطی، ایک ترقیاتی بلاک کے قیام، پی ایچ سی بٹوینہ میں عملے کی کمی کو دور کرنے اور ہیلتھ سب سینٹر کو اَپ گریڈ کرنے کا مطالبہ کیا۔ وفود نے دودرہامہ نالے کی کھدائی اور صفائی، تولہ مولہ میں کھیل میدان کی ترقی، ورپش میں ایک کمیونٹی ہال کی تعمیر اورمیکنیکل سب ڈویژن کو کاکا سرائے سے گاندربل منتقل کرنے کی درخواست کی۔اِس کے علاوہ دیگر مطالبات میں ضلع میں خواتین کا کالج، ڈِسٹرکٹ ہسپتال میں سی ٹی سکین کی سہولیت، مختلف محکموں میں خالی اَسامیوں کو پُر کرنا، آئندہ اِنڈسٹریل اسٹیٹ گاندربل میں کولڈ سٹوریج کی سہولیت کا قیام، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور ایس ای کنال کے ساتھ بینک نالوں کو مضبوط بنانا شامل ہے۔اِسی طرح بلاک صفا پورہ کے وفد نے صحت شعبے کے مسائل اور پتھر کی کھدائی کرنے والے مزدوروں کے مسائل کو اُجاگر کیا۔ایک اور وفد نے ضلع میں تعمیراتی مواد کی بے تحاشہ قیمت، غیر قانونی اور بڑے پیمانے پر معدنیات نکالنے سے متعلق مسائل کی شکایت کی۔مزید برآں،متعدد اَفراد نے ذاتی شکایات پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے وزیراعلیٰ سے رابطہ کیا اور ان سے مدد طلب کی۔اِس کے جواب میںوزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جو جموںوکشمیر اسمبلی میں گاندربل حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں،نے ضلع ترقیاتی کمشنر اور سینئر اَفسروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اُٹھائے گئے تمام حقیقی مسائل کو فور پر حل کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر اور سینئر عہدیداروں کو ہدایت جاری کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اٹھائے گئے تمام حقیقی خدشات کو فوری طور پر حل کیا جائے۔انہوں نے لوگوں کو یقین دِلایا کہ تمام مسائل کا بغورجائزہ لیا جائے گا اور مقررہ وقت میں حل کیا جائے گا۔