منگل, جنوری ۲۱, ۲۰۲۵
11.5 C
Srinagar

مودی نے اتراکھنڈ کے عوام کو ان کے یوم تاسیس پر مبارکباد دی

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو اتراکھنڈ کے عوام کو ریاست کے یوم تاسیس پر مبارکباد دی اور اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حکومت اتراکھنڈ کی ترقی کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے۔
مسٹر مودی نے سوشل میڈیا ‘ایکس’ پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے آنے والی سہ ماہی صدی میں ‘ترقی یافتہ ہندوستان’ کے لیے ‘ترقی یافتہ اتراکھنڈ’ حاصل کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا اور لوگوں سے اگلے 25 برسوں میں ریاست کے روشن مستقبل کے لیے کام کرنے کی درخواست کی۔
وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ اتراکھنڈ ترقی کے نئے ریکارڈ بنا رہا ہے اور نئی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست نے سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ گولز انڈیکس کے لحاظ سے پہلا مقام حاصل کیا ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ اتراکھنڈ کو ‘یز آف ڈوئنگ بزنس’ کے زمرے میں ‘اچیورس’ اور اسٹارٹ اپ زمرے میں ‘لیڈر’ کے طور پر رکھا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست کی ترقی کی شرح میں 1.25 گنا اضافہ ہوا ہے اور سامان اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی وصولی میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے، فی کس آمدنی 2014 میں 1.25 لاکھ روپے سے بڑھ کر 2.60 لاکھ روپے سالانہ اور مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) 2014 میں 1 لاکھ 50 ہزار کروڑ روپے سے بڑھ کر آج تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔
اتراکھنڈ کے ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ نل کے پانی کی کوریج سال 2014 میں پانچ فیصد گھروں سے بڑھ کر آج 96 فیصد سے زیادہ ہو گئی ہے اور دیہی سڑکوں کی تعمیر 6,000 کلومیٹر سے بڑھ کر 20,000 کلومیٹر ہو گئی ہے۔ انہوں نے آیوشمان اسکیم کے تحت لاکھوں بیت الخلاء کی تعمیر، بجلی کی فراہمی، گیس کنکشن، مفت علاج کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ حکومت سماج کے تمام طبقات کے ساتھ کھڑی ہے۔
ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ اس سال چھ کروڑ سیاح اور یاتری اتراکھنڈ آئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 54 لاکھ یاتری چاردھام یاترا پر آئے تھے جبکہ 2014 سے پہلے یہ تعداد 24 لاکھ تھی۔ ہوٹل، ہوم اسٹے، ٹرانسپورٹ ایجنٹس، کیب ڈرائیور وغیرہ کو اس سے فائدہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کیدارناتھ مندر کے کپاٹ کچھ دن پہلے ہی بند کردیئے گئے تھے۔ کچھ سال پہلے بابا کیدار کے درشن کرنے کے بعد ان کے قدموں میں بیٹھ کر انہوں نے کہا تھا کہ یہ دہائی اتراکھنڈ کی دہائی ہوگی۔ پورا ملک جانتا ہے کہ دیو بھومی کے لوگ فطرت اور ماحول سے کتنی محبت کرتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا، "دیو بھومی اتراکھنڈ نے ہمیشہ بی جے پی کو ہم سب کو بہت پیار اور اپناپن دیا ہے۔ بی جے پی بھی دیو بھومی کی خدمت کے جذبے سے اتراکھنڈ کی ترقی کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے۔ اتراکھنڈ کے لوگوں کو اپنی امیدوں اور امنگوں کو پورا کرنے کے لیے ایک الگ ریاست کے لیے طویل عرصے تک جدوجہد کرنی پڑی۔ یہ کوششیں اس وقت مکمل ہوئیں جب قابل احترام اٹل جی کی قیادت میں مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی-نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (بی جے پی-این ڈی اے) کی حکومت قائم ہوئی۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img