سری نگر: وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے منگل کو کہا کہ حکومت کی جانب سے پرائیوٹ اسکولوں کے لئے جو قواعد و ضوابط مرتب کئے گئے ہیں اس پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ خلاف ورزی کے مرتکب پرائیوٹ اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔
ان باتوں کا اظہار وزیر نے اسمبلی کے باہر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں پرائیوٹ اسکولوں کے لئے رہنما اصول مرتب کئے گئے ہیں اور جو کوئی بھی اس کی خلاف ورزی کرئے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ من مانی کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیر تعلیم نے کہاکہ پرائیوٹ اسکول انتظامیہ از خود فیس میں اضافہ نہیں کرسکتے ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ اگر کوئی پرائیوٹ اسکول حکومت کی طرف سے وضح کردہ اصولوں کے خلاف کام کرئے گا اس کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔
بتادیں کہ والدین نے الزام لگایا ہے کہ پرائیوٹ اسکول انتظامیہ نے ماہانہ فیس میں از خود اضافہ کیا ہے اور اس حوالے سے فیس فکزیشن کمیٹی کو بھی اعتماد نہیں لیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم سے جب اس بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے واضح کیا کہ فیس میں از خود اضافہ کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔