ہفتہ, مئی ۱۰, ۲۰۲۵
26.4 C
Srinagar

رن فار یونٹی:وزیر اعلیٰ نے ہری جھنڈی دکھائی

فرقہ وارانہ ہم آہنگی جموں و کشمیر کی شناخت کاستون:عمر عبداللہ

نیوزڈیسک

سری نگر جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کی صبح یہاں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹر نیشنل کنوکیشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) سے ’رن فار یونٹی‘ پروگرام کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔نیشنل کانفرنس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کی یاد میں قومی اتحاد کے دن کے موقع پر سری نگر میں ’اتحاد کے لیے دوڑ‘کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ تقریب اتحاد کے جذبے کو پروان چڑھاتی ہے جو کشمیر کے ثقافتی تانے بانے میں گہرائی سے پیوست ہے۔ان کا کہنا تھا کہ رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی ہمیشہ سے جموں و کشمیر کی شناخت کے ستون رہے ہیں۔موصوف ترجمان نے کہا کہ شیخ نورالدین نورانی (رح)، لل دید، اور ان جیسے دوسرے متعدد قابل احترام سنتوں کی تعلیمات سے ہمیں رہنمائی ملتی ہے۔انہوں نے کہا: ’ شیر کشمیر نے انتھک محنت سے ان اقدار کو برقرار رکھا اور ان کی پرورش اور حفاظت ہمارا فرض ہے‘۔ان کہنا تھا: ’آئیے اپنی مشترکہ تاریخ اور اتحاد کے عزم کا احترام کرتے ہوئے یکجہتی کے ساتھ ساتھ کھڑے ہوں‘۔دریں اثنا حکام نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں امن اور ترقی کو فروغ دینے میں اتحاد کے کردار پر زور دیا۔انہوں نے سول اور سکیورٹی انتظامیہ سمیت ان تمام لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے تقریب کو ممکن بنایا۔ادھر جموں و کشمیر ٹریفک پولیس نے گذشتہ روز ایک ٹریفک ایڈوائزری بھی جاری کی تھی تاکہ سری نگر میں ایونٹ کے دوران ٹریفک کی نقل و حمل کو یقینی بنایا جا سکے۔ادھر سرکاری ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے شیر کشمیر اِنٹرنیشنل کنونشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) کے عقبی لان سے قومی یوم یکجہتی کی تقریبات کے موقعہ پر”رَن فار یونٹی“ کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔یہ دِن آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔اِس تقریب میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، پرنسپل سیکرٹری داخلہ، ڈویژنل کمشنر کشمیر،ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اور مختلف سول اور پولیس اَفسران نے شرکت کی۔”رن فار یونٹی“ میں سول اِنتظامیہ، پولیس، سی آر پی ایف اور مقامی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں مرد اور خواتین دونوں شامل تھے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’رَن فار یونٹی ‘ اتحاد کے جذبے کی علامت ہے جس کی قدر کشمیر کے لوگوں کو بہت زیادہ عزیز ہے۔اُنہوں نے دوڑ کو ہری جھنڈی دکھانے سے قبل شرکا¿کو اتحاد کا عہد دِلایا۔ یہ دوڑ چشمہ شاہی کے خوبصورت بوٹینیکل گارڈن میں اِختتام پذیر ہوئی۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img