سری نگر: وادی کشمیر میں آگ کی دو الگ الگ واراداتوں میں کم سے کم چار رہائشی مکان اور ایک گودام خاکستر ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے بہاو الدین صاحب گوجوارہ علاقے میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں تین رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی اعلیٰ الصبح پائین شہر کے گنجان آبادی والے علاقے بہاو الدین صاحب میں آگ نمودارہوئی جس نے آناً فاناً تین رہائشی مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں تین رہائشی مکان خاکستر ہوئے اور ان میں موجود لاکھوں روپیے مالیت کا سامان بھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوا ہے۔
فائر اینڈایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ آج صبح پانچ بجکر دس منٹ پر بہاو الدین صاحب سری نگر میں آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے۔
انہوں نے کہاکہ دس فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پرقابو پایا گیا۔
وسطی ضلع گاندربل کے گنڈ علاقے میں آگ کی اور واردات میں ایک رہائشی مکان خاکستر ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گاندربل کے گنڈ علاقے میں شبانہ آگ کی واردات میں ایک رہائشی مکان خاکستر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فائر ٹنڈرس اور مقامی لوگوں نے آگ کو قابو میں کرکے مزید پھیلنے سے روک دیا۔
ادھر ذرائع کے مطابق سی نگر کے پادشاہی باغ علاقے میں شبانہ آگ کی ایک واردات میں ایک گودام خاکستر ہوا ہے۔
دریں اثنا جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے انتظامیہ سے متاثرین کو مناسب معاوضہ دینے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے پیر کو ’ایکس‘ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ’ سری نگر کے بہاو الدین صاحب گوجوارہ علاقے میں آج صبح آگ کی واردات میں جن کے مکان خاکستر ہوئے میں ان کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں‘۔
انہوں نے کہا: ’آگ کی اس واردات میں تین مکان خاکستر ہوئے ہیں جس سے کئی کنبے بے گھر ہوئے ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا: ’ میں انتظامیہ سے درخواست کرتا ہوں کہ متاثرہ خاندانوں کو مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے تاکہ یہاں سخت سردی شروع ہونے سے پہلے وہ اپنے مکان دوبارہ تعمیر کرسکیں‘۔
یو این آئی