غزہ: فلسطین میں غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع جبالیہ پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 150 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ یہ اطلاع غزہ میں فلسطینی شہری دفاع نے جمعرات کو اپنی رپورٹ میں دی۔
فلسطینی شہری دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے الحواج علاقے میں ‘بلاک 7’ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کم از کم 150 افراد ہلاک اور اتنی ہی تعداد میں زخمی ہوئے۔
بیان کے مطابق شہری دفاع اور طبی خدمات کو حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو نکالنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی باشندوں نے صورتحال کو ‘انتہائی سنگین’ قرار دیا ہے۔ اچانک شدید اسرائیلی بمباری کے بعد ہلاک ہونے والوں کی لاشیں ابھی تک سڑکوں پر یا مکانوں کے ملبے تلے پڑی ہیں۔
اس حملے کے حوالے سے اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
یواین آئی