سری نگر: پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ جب تک ہندو پاک آپس میں مل بیٹھ کر افہام و تفہیم سے کوئی راستہ نہیں نکالیں گے تب تک انسانی جانیں ضائع ہونے کا اندیشہ لاحق رہے گا۔انہوں نے کہاکہ دو ملکوں کی دشمنی میں جموں وکشمیر کے لوگوں کو ناکردہ گناہوں کی سزا مل رہی ہے۔ان باتوں کا اظہار محبوبہ مفتی نے بڈگام میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ گگن گیر سونہ مرگ میں ڈاکٹر شاہنواز جاں بحق ہوئے اور یہ افسوسناک واقع ہے۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی زندگی کے ساتھ ساتھ اُن کا مال وجائیداد ضائع ہو رہا ہے۔پی ڈی پی صدر نے کہاکہ باہر کی ریاستوں سے یہاں مزدوری کی خاطر آنے والے لوگ بھی اس کا شکار ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر شاہنواز انسان دوست شخصیت کے مالک تھے لیکن انہیں بھی دو ملکی کی دشمنی کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔
ان کے مطابق اس سے باہر نکلنے کا واحد راستہ ہندو پاک مل بیٹھ کر افہام و تفہیم کے ساتھ کوئی راستہ نکالے تاکہ جموں وکشمیر کے لوگ آزاد فضاوں میں سانس لے سکیں۔
محبوبہ مفتی کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان جب تک دشمنی رہے گی تب تک یہاں کے لوگ بھی چین و سکون کی زندگی بسر کرنے سے قاصر رہیں گے۔