ریاستی حیثیت کی مکمل بحالی تک جددجہد جاری: راہول گاندھی
سری نگر/لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئرلیڈر راہل گاندھی نے کہاہے کہ ریاست کے بغیر حکومت کی تشکیل آج ادھوری محسوس ہوتی ہے۔لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر کا یہ ردعمل سری نگر میں عمر عبداللہ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے چند گھنٹے بعد آیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق مائیکروبلاگنگ سائٹ ایکس پر ایک بیان میں راہل گاندھی نے کہاکہ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو مبارکباد۔ تاہم، ریاست کے بغیر حکومت کی تشکیل آج ادھوری محسوس ہوئی ہے۔کانگریس لیڈر نے کہاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں سے جمہوریت چھین لی گئی تھی، اور آج ہم اپنے عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ جب تک ریاستی حیثیت مکمل طور پر بحال نہیں ہو جاتی اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔اس سے پہلے، کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے بدھ کے روز عمر عبداللہ کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف برداری کے بعد، جموں و کشمیر میں ریاستی حیثیت کی بحالی کے لیے اپنی پارٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔کھرگے نے کہاکہ میں یہاں انہیں مبارکباد دینے آیا ہوں۔انہوںنے کہاکہ ہمیں خوشی ہے کہ ہمارا اتحادی وزیر اعلیٰ بنا اور یہاں طویل عرصے کے بعد جمہوریت قائم ہوئی ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہاں ریاستی حیثیت بحال ہو۔قابل ذکر ہے کہ کانگریس جموں وکشمیرکے صدر طارق حمید قرہ اور مقننہ پارٹی کے لیڈر جی اے میرنے بدھ کو اعلان کیاکہ اُن کی پارٹی جموں وکشمیرکی ریاستی حیثیت بحال ہونے تک کابینہ میں شامل نہیں ہوگی ۔