سری نگر،: جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز پارٹی لیڈر سریندر چودھری کو نائب وزیر اعلیٰ منتخب کرتے ہوئے کہا کہ ایسا جموں خطے کے لوگوں کو آواز دینے کے لئے کیا گیا۔
انہوں نے کہا سب کو ساتھ لے کر چلنا ہماری کوشش ہوگی۔وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو یہاں شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سیٹر میں حلف لینے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
بتادیں کہ سریندرچودی سمیت سکینہ یتو، جاوید ڈار، جاوید رانا اور ستیش شرما نے بدھ کے روز حلف لیا۔عمر عبداللہ نے کہا: ’ابھی تین ویکنسیز ہیں ان کو بھی آہستہ آہستہ پورا کیا جائے گا‘۔
انہوں نے کہا: ’سریندرچودھری (جنہوں نے نوشہرہ سیٹ پر بی جے پی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کو قریب آٹھ ہزار ووٹوں سے ہرا دیا)، کو اس لئے نائب وزیر اعلیٰ منتخب کیا گیا تاکہ جموں خطے کے لوگ اپنے آپ کو حکومت سے الگ محسوس نہ کر سکیں‘۔
ان کا کہنا تھا:’ہم نے کہا تھا کہ ہم جموں خطے کو یہ محسوس نہیں ہونے دیں گے کہ ان کی حکومت میں کوئی نمائندگی نہیں ہے‘۔
وزیر اعلیٰ نے کہا: ’میں نے جموں خطے کا وزیر اعلیٰ منتخب کیا تاکہ جموں خطے کے لوگ یہ محسوس کر سکیں کہ یہ حکومت اتنی ان کی بھی ہے جتنی باقی لوگوں کی ہے‘۔
قابل ذکر ہے کہ سال2014 کے اسمبلی انتخابات میں رویندر رینہ نے سریندرچودھری کو ہرا دیا تھا۔سریندر چودھری نے سال 2022 میں پی ڈی پی سے کنارہ کشی کرکے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی اور ایک سال قبل بی جے پی سے بھی ناطہ توڑ کر سال گذشتہ ماہ جولائی میں نیشنل کانفرنس میں شامل ہوئے تھے۔