سرینگر /سیکرٹری دیہی ترقی محکمہ اور پنچائتی راج ( آر ڈی ڈی اینڈ پی آر ) محمد اعجاز اسد نے پیر کو جموں اور کشمیر میں حمایت اسکیم کی پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں اس اسکیم کی ترقی اور مستقبل کا جائیزہ لینے پر توجہ مرکوز کی گئی جس کا مقصد جموں اور کشمیر میں دیہی نوجوانوں کو ہنر مند بنانا اور روز گار فراہم کرنا ہے ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر آر ڈی ڈی کشمیر شبیر حسین بٹ ، ڈائریکٹر فائنانس عمر خان ، چیف آپریٹنگ آفیسر حمایت رجنیش گپتا ، جوائینٹ ڈائریکٹر پلاننگ کمل کمار ، ایڈیشنل سیکرٹری کرتار سنگھ ، ڈپٹی سیکرٹری عبدالخبیر اور دیگر نے شرکت کی ۔
میٹنگ کے دوران سیکرٹری آر ڈی ڈی نے حمایت اسکیم کی صورتحال کا جائیزہ لیا اورپورے صوبے میں اس کے نفاذ کو بڑھانے کیلئے اقدامات تجویز کئے ۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ اسکیم کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے تعاون کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ فوائد انتہائی دور دراز علاقوں تک پہنچیں ۔ اعجاز اسد نے اسکیم کے اگلے مراحل کیلئے ایک ایکشن پلان بنانے پر بھی زور دیا جس میں ان اضلاع پر توجہ مرکوز کی گئی جن کا مناسب احاطہ نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے امیدواروں کو طلب اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں تربیت دینے کی ضرورت پر روشنی ڈالی ۔ سیکرٹری موصوف نے کہا کہ جموں اور کشمیر کے زیادہ دیہی نوجوانوں کو معیاری تربیت اور روز گار کے مواقع تک رسائی کو یقینی بنانے کیلئے حمایت اسکیم کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے ۔





