نیوزڈیسک
سری نگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور متوقع وزیر اعلیٰ امیدوارعمر عبداللہ نے بدھ کو کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے فائدے کے لیے مرکز کے ساتھ اچھے تعلقات کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں تشکیل پانے والی نئیحکومت کو تنازعات میں الجھنے کی بجائے نئی دہلی کے ساتھ ہم آہنگی پر توجہ دینی چاہیے۔
عمر عبداللہ نے کہا ”حکومت بننے دو“۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکز کے ساتھ کام کرنا وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری ہوگی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جموں و کشمیر کے مسائل دہلی کے ساتھ لڑائی سے حل نہیں ہوں گے۔“جبکہ بی جے پی سے ہمارے اختلافات ہیں، مرکز کے ساتھ لڑنا ہماری مجبوری نہیں ہے۔“
عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے سیاسی لڑائیوں کی بجائے ترقی، ریاستی حیثیت، نوکریوں اور بجلی کی فراہمی جیسے مسائل کے حل کے لیے ووٹ دیا۔ان کا کہناتھا ”مجھے یقین ہے کہ مرکز کے ساتھ مناسب تعلقات برقرار رکھنا جموں و کشمیر اور یہاں کے لوگوں کے لئے فائدہ مند ہوگا، لوگوں نے لڑائی کے لیے نہیں بلکہ ترقی کے لیے ووٹ دیا۔“
(کے این ایس )