پیر, نومبر ۱۰, ۲۰۲۵
7 C
Srinagar

5ارکان کی نامزدگی کامعاملہ توجہ کا مرکز،8اکتوبر2024کے انتخابی نتائج کا اعلان ہوگا،ایل جی طاقتور

 

نیوزڈیسک

سری نگراسمبلی انتخابات 2024کے بعد اب 8اکتوبرکے انتخابی نتائج اور 5ارکان کی نامزدگی پرتوجہ مرکوزہوگئی ہے ،اوراس معاملے یعنی پانچ ارکان کی نامزدگی میں بی جے پی کوحریف جماعتوں پر برتری حاصل ہے ۔جموں وکشمیرکی نئی قانون ساز اسمبلی 95رُکنی ہوگی ، جن میں 90منتخب اور 5 نامزد ہوں گے، یہ ایوان میں اکثریت کا نمبر 48 تک لے جائے گا۔چونکہ5ممبران اسمبلی کو مرکزی وزارت داخلہ کے مشورے پر لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ نامزد کیا جانا ہے،جموں وکشمیر کی نئی اسمبلی کےلئے5نامزدہونے والے ممبران میں2خواتین، 2کشمیری پنڈت بھی شامل ہیں جن میں سے ایک خاتون اور ایک پاکستانی مقبوضہ جموں کشمیرکا مہاجر ہوگا۔اہم بات یہ ہے کہ پانچوں نامزد کئے جانے والے ممبران اسمبلی کو اسمبلی میں اکثریت کے تعین سمیت تمام موضوعات پر ووٹنگ کا حق حاصل ہوگا۔ اس لئے بی جے پی کا بڑا موقع ہوگا اور اس کے لیڈروں کو نامزدگیوں میں جگہ ملنے کی امید ہے۔لیفٹیننٹ گورنر وزارت داخلہ کے مشورے کی بنیاد پر5 ارکان کو نامزد کریں گے۔ یہ عمل جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ2019 میں ترمیم کے بعد ہے، جس میں ان نامزدگیوں کو متعارف کرانے کےلئے26 جولائی 2023 کو مزید نظر ثانی کی گئی تھی۔یہ نظام پانڈیچیری کے قانون ساز ڈھانچے کا آئینہ دار ہے، جہاں4 نامزد ارکان پہلے سے موجود ہیں۔ تاہم، جموں و کشمیر میں یہ قدم قانون ساز کونسل کے خاتمے کے بعد اٹھایا گیا ہے اور 8 اکتوبر کو ووٹوں کی گنتی ختم ہونے کے فوراً بعد5 نامزد ارکان اسمبلی کا انتخاب کیا جائے گا۔1996 اور 2002 کی اسمبلیوں میں، کشمیری پنڈتوں میں سے ایک ایک منتخب ایم ایل اے تھے جن میں پیارے لال ہنڈو، جو کابینہ کے وزیر تھے اور رمن مٹو، جو وزیر مملکت بنے تھے۔ اس کے علاوہ 2002 کی اسمبلی میں نامزد خاتون ایم ایل اے کھیم لتا وکھلو تھیں۔ تاہم، 2014 کی اسمبلی میں کے پی کی کوئی نمائندگی نہیں تھی لیکن بی جے پی نے کے پی کے دو لیڈر سریندر امباردار اور گردھاری لال رینا عرف اجے بھارتی کو ایم ایل سی بنایا۔خواتین،کشمیری پنڈتوں اورپاکستانی مقبوضہ جموں وکشمیر کے مہاجرین میں ایم ایل اے کی نامزدگی کے لیے بی جے پی کے اندر زبردست لابنگ شروع ہو چکی ہے۔سابقہ ریاست جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں دو خواتین ایم ایل ایز کی نامزدگی کا انتظام تھا لیکن ووٹ دینے کی طاقت کے بغیر۔چونکہ تمام 5 نامزد ایم ایل ایز کو ووٹنگ کے حقوق سمیت تمام اختیارات حاصل ہوں گے، اس لیے اکثریت کا نمبر48 ہوگا، جو بی جے پی کے لیے فائدہ اور حکومت کی تشکیل میں دیگر جماعتوں کے لیے نقصان ہوگا۔8اکتوبر کوانتخابی نتائج کے اعلان کے بعد5 ممبران اسمبلی کو نامزد کرنے کا عمل شروع کیا جاسکتا ہے اور الیکشن کمیشن کے ذریعہ منتخب ایم ایل ایز کی فہرست کو حتمی شکل دی جاتی ہے۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img