سری نگر:ھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری ترون چگ کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی جموں وکشمیر میں امن و امان کو درہم برہم کرنے پر تلی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کے نوجوانوں نے دہشت گردی کا راستہ ترک کرنے کے ساتھ ساتھ علیحدگی پسندی کو بھی مسترد کیا ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے یہاں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں دفعہ370کی منسوخی کے بعد امن و امان واپس لوٹ آیا ہے۔
بی جے پی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر میں علیحدگی پسندی سوچ کو فروغ دینے کی پالیسی پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا :’جموں وکشمیر میں مقامی پارٹیاں دفعہ 370کی بحالی کا وعدہ کر رہی ہیں لیکن ایسا ہرگز نہیں ہوسکتا۔ ‘ان کے مطابق بی جے پی نے اس قانون کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کیا ہے۔انہوں نے کہا: ‘بی جے پی کے دور حکومت میں پہاڑی، گجر اور بکروال طبقے کے لوگوں اور خواتین کے حقوق کو تحفظ ملا ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘جموں و کشمیر کے لوگ آج ترقی، امن اور خوشحالی کے دور سے گذر رہے ہیں اور ہمیں اس کو آگے بڑھانا ہے’۔
سٹیٹ ہڈ کی بحالی کے حوالے سے ترون چگ نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ نے پہلے ہی واضح کیا ہے کہ موزون وقت پر ریاستی درجہ بحال ہوگا۔ترون چگ کے مطابق ریاستی درجے کی بحالی کے حوالے سے نیشنل کانفرنس ، کانگریس اور پی ڈی پی عوام کو گمراہ کر رہی ہیں کیونکہ صرف مرکزی حکومت ہی سٹیٹ ہڈ کی بحالی کا فیصلہ لے سکتی ہے۔