جموں :بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری ترون چگ کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں این سی ، کانگریس کا اتحاد فلاپ شو ثابت ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں حالات معمول پر آئے ہیں۔
ان باتوں کا اظہار موصوف جنرل سیکریٹری نے جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے اسمبلی انتخابات میں لوگوں کی بڑھ چڑھ شرکت جمہوریت کی جیت ہے۔
ترون چگ نے کہا ؛’جس طرح سے لوگوں نے جمہوری عمل میں حصہ لے کر اپنے ووٹ کا استعمال کیا اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔‘
نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد کو فلاپ شو قرار دیتے ہوئے بی جے پی جنرل سیکریٹری نے کہاکہ راہل گاندھی کی ریلیوں میں نیشنل کانفرنس کا کوئی بھی لیڈر شریک نہیں ہور ہا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ لوگوں کو نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے کارناموں کے بارے میں پوری علمیت حاصل ہے اور دو مراحل کے چناو میں لوگوں نے ان دونوں پارٹیوں کو مسترد کیا ہے۔
انہوں نے کہا :’راہل گاندھی لیڈر نہیں بلکہ ریڈر ہے کیونکہ وہ نیشنل کانفرنس کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں۔ ‘
ان کے مطابق پانچ اگست 2019کے بعد جموں وکشمیر میں حالات پوری طرح سے بدل گئے ، لوگ اب آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں۔
بھاجپا جنرل سیکریٹری نے کہاکہ دفعہ 370کو واپس لانے والوں کو یہاں کے لوگوں نے سبق سکھایا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کا مودی جی پر پورا بھروسہ ہے ۔
ترون چگ نے کہاکہ جموں وکشمیر کی روایت رہی ہے یہاں پر عبداللہ ، مفتی اور گاندھی خاندان سے ہی وزیر اعلیٰ چنے جاتے لیکن اس بار ایسا نہیں ہوگا کیونکہ مرکزی زیر انتظام علاقہ کا اگلا وزیر اعلیٰ بھاجپا کا ہی ہوگا۔
یو این آئی





