جموں: پولیس نے جموں کے تالاب تلو علاقے میں چار روز قبل ایک ریٹارئرڈ پرنسپل اور اس کی اہلیہ کے قتل کیس میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
ملزم کی شناخت دیپک سنگھ عرف سونو ساکن تالاب تلو کے طور پر کی گئی ہے۔
بتادیں کہ جموں کے تالاب تلو علاقے میں 14 ستمبر کی شام کو ریٹائرڈ پرنسپل سنجے چندل اور اس کی اہلیہ وینا دیوی کی لاشیں ان کے گھر میں ہی بر آمد کی گئی تھیں۔
ایک پولیس افسر نے بدھ کے روز ایک کانفرنس کے دوران اس قتل کیس کے سلسلے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کے بارے میں اطلاع موصول ہونے کے فوراً بعد پولیس ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچی تھی اور کارروائیاں شروع کی گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں دیپک سنگھ عرف سونو ساکن تالاب تلو کو گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا مذکورہ ملزم مقتول ریٹائرڈ پرنسپل سنجے چندل کے گھر میں چھوٹے چھوٹے کام کرتا تھا اور اس کا وہاں بغیر کسی رکاوٹ کے آنا جانا تھا۔
ان کا کہنا تھا: ‘تحقیقات سے ایسا لگتا ہے کہ اس کو پیسوں کی ضرورت تھی جس کا وہ ان سے بار بار تقاضا کرتا تھا جس کے باعث دونوں کے درمیان ان بن ہوئی ہوگی’۔
پولیس افسر نے کہا: ‘تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم 3 تاریخ کو اپنے گھر سے چلا گیا تھا اور 9 تاریخ کو اس کی اہلیہ نے گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی جس کے بعد وہ 12 تاریخ کو پھر واپس گھر گیا تھا اور اہلیہ سے جھگڑا کرکے پانچ ہزار روپیے لے کر چلا گیا تھا’۔
انہوں نے کہا:’جو جائے واردات سے رسی بر آمد ہوئی ہے یہ واردات انجام دینے میں اسی کو استعمال کیا گیا ہے’۔