جمعہ, مئی ۹, ۲۰۲۵
18.4 C
Srinagar

پونچھ میں ملی ٹنٹ ساتھی گرفتار، دھماکہ خیز مواد برآمد: پولیس

جموں:سیکورٹی فورسز نے جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں مشترکہ آپریشن کے دوران جموں و کشمیر غزنوی فورس سے وابستہ ایک ملی ٹنٹ ساتھی کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے بھاری دھماکہ خیز مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس،فوج کی 16 آر آر اور سی آر پی ایف کی 38 بٹالین کی ایک

مشترکہ ٹیم نے جمعرات کی شب سرنکوٹ کے پوتھہ بائی پاس پر ناکہ لگا دیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے ایک شخص کو سرنکوٹ سے پوتھہ کی طرف مشکوک انداز میں آتے ہوئے دیکھا۔

ان کا بیان میں کہنا تھا کہ مذکورہ مشکوک شخص نے سیکورٹی فورسز کو دیکھر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو دھر لیا گیا۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے نیلے رنگ کا ایک بیگ بر آمد کیا گیا جس میں سے 3 عدد 36 ایچ ای گرینیڈ، دھماکہ خیز مواد اور دوسرا قابل اعتراض مواد نکالا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران مشکوک شخص کی شناخت محمد شبیر ولد محمد فاروق ساکن دریالہ نوشہرہ کے طور پر ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص پاکستان زیر قبضہ کشمیر کے اعظم خان عرف مدیر نامی ہینڈلر کے ساتھ رابطے میں تھا جس نے اس کو سرنکوٹ سے یہ اسلحہ و گولہ بارود جمع کرنے کی ہدایت دی تھی۔
بیان کے مطابق پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کیا ہے اور اس ضمن میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img