جموں: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت پاکستان زیر قبضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ غیر ملکی شہریوں جیسا سلوک روا رکھ رہی ہے ان کا ساتھ ہی کہنا تھا کہ حکومت ہند کا یقین ہے کہ وہ( پاکستانی زیر قبضہ کشمیرکے لوگ) بھارتی شہری ہی ہیں اور وہ دن دور نہیں جب وہ بھارت کا حصہ بننے کی خواہش کا اظہار کریں گے ا ن باتوں کا اظہار موصوف نے رام بن میں چناوی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان کے ایڈیشنل سالسٹر جنرل نے عدالت میں ایک قرارداد پیش کی جس میں پاکستانی زیر قبضہ کشمیر کے لوگوں کو غیر ملکی قرار دیا گیا ۔
وزیر دفاع نے کہاکہ حکومت ہند کا یقین ہے کہ پاکستانی زیر قبضہ کشمیر کے لوگ بھارتی شہری ہیں اور وہ دن دور نہیں جب وہاں کے لوگ خود آگے آکر بھارت کا حصہ بننے کی خواہش کا اظہار کریں گے۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا :’اگر بھاجپا نے جموں وکشمیر میں حکومت تشکیل دی تو دس سالوں کے اندر اندر جموں وکشمیر کو ایک ماڈل ریاست بنائیں گے۔‘
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی امیدواروں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں تاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی اپنے بل بوتے پر حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے۔
مرکزی وزیر دفاع نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اس بار تاریخی الیکشن ہو رہے ہیں کیونکہ دنیا کی نظریں اس پر مرکوز ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حال ہی میں امریکہ کے دورے پر تھا اور وہاں موجود ہندوستانیوں نے سوال کیا کہ جموں وکشمیر انتخابات میں کس کی جیت ہوگی میں نے جواب میں کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نہ صر ف ہندوستان بلکہ پوری دنیا کی نظریں جموں وکشمیر کے انتخابات پر ٹکی ہوئی ہیں۔ وزیر دفاع نے لوگوں سے اپیل کی کہ اگلے دس سالوں تک بی جے پی کو خدمت کرنے کا موقع فراہم کریں ۔
ان کے مطابق اگر بی جے پی یہاں اقتدار میں آتی ہے تو نئے جموں وکشمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی خاطر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا: ‘جموں وکشمیر میں ہونے والے اسمبلی الیکشن پہلے ایسے الیکشن ہوں گے جب ایک جھنڈا، ایک آئین اور ایک وزیر اعظم ہوگا ایک قوم کا ہمیشہ ایک ہی وزیر اعظم ہوتا ہے’۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا :’کچھ لوگ دعویٰ کر رہے تھے کہ اگر دفعہ 370کو چھوا تو جموں وکشمیر میں آگ لگ جائے گی تاہم ان کے دعوئے سراب ثابت ہوئے ۔ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں ایک بھی گولی نہیں چلی بلکہ مرکزی زیرانتظام علاقے میں امن و امان قائم ہوا‘۔
نیشنل کانفرنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر دفاع نے کہاکہ این سی دفعہ 370کی بحالی کا دعویٰ کرتی ہے لیکن میں انہیں بتا دینا چاہتا ہوں کہ جب تک بی جے پی ہے ،زمین پر کوئی طاقت آرٹیکل 370کو واپس نہیں لا سکتی ۔
مذاکرات کے حوالے سے وزیر دفاع نے کہاکہ جب حریت سے بات چیت کرنے کی خاطر پارلیمانی وفد کو کشمیر بھیجا گیا تو انہوں نے دروازے بند کر دئے ۔
کشمیری پنڈتوں کی گھر واپسی کے بارے میں راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ مرکزی حکومت کشمیری پنڈتوں کی محفوظ اور باوقار واپسی کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔
وزیر دفاع نے اپنے ورکروں کو نیشنل کانفرنس، کانگریس اور پی ڈی پی کو ووٹ ڈالنے سے احتراز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا: ‘ان جماعتوں کو کبھی بھی ووٹ نہیں ڈالنا کیونکہ یہ جماعتیں جموں وکشمیر میں دہشت گردی، علاحدگی پسندی اور سنگ بازی کے دور کو واپس لانا چاہتی ہیں،یہ جماعتیں دہشت گردوں کے رہنماﺅں کی رہائی چاہتی ہیں اور ان لوگوں کی رہائی چاہتی ہیں جنہوں نے سنگ بازی کے فروغ کے لئے پیسے خرچ کئے’۔





