سری نگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے جمعرات کو بڈگام سے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کےلئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیاجبکہ بدھ کو انہوںنے گاندربل اسمبلی حلقہ سے بھی اپنے کاغذات نامزگی جمع کرائے۔یوں عمر عبداللہ ایک نہیں بلکہ 2حلقوں سے قسمت آزمائیں گے ۔جے کے این ایس کے مطابق نیشنل کانفرنس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ عمر عبداللہ نے جمعرات کو آئندہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لئے بڈگام حلقہ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔عمرعبداللہ کے ساتھ پارٹی کے سینئر قائدین آغا روح اللہ مہدی، آغا محمود، پارٹی کے خزانچی شمی اوبرائے اور صوبائی سکریٹری شوکت میر بھی تھے۔جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ2 حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے بدھ کو گاندربل کے خاندانی گڑھ سے اپنے کاغذات داخل کئے۔عمرعبداللہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں2 سیٹوں سے لڑنے والے پہلے سیاست دان بن گئے ہیں۔بدھ کو عمر عبداللہ نے گاندربل اسمبلی سیٹ سے اپنا کاغذات نامزدگی داخل کیا، جس کی وہ 3 بار رکن پارلیمنٹ اور ایک بار قانون ساز کے طور پر نمائندگی کر چکے ہیں۔گاندربل میں اپنے خطاب کے دوران عمر عبداللہ نے گاندربل کے ووٹروں سے جذباتی اپیل کی کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں انہیں کامیاب بنائیں۔عمر عبداللہ نے اپنے سرکی ٹوپی اتار دی اور ووٹروں سے لفظی طور پر ’ہاتھ جوڑ کر‘ اپیل کی کہ وہ انہیں سیٹ سے منتخب کریں۔عمرعبداللہ کا کہناتھاکہ میں نے گاندربل سے (کاغذات نامزدگی) بھرے ہیں۔ اس پر بات نہیں کرتے کہ کون کہاں سے الیکشن لڑ رہا ہے۔ گاندربل کے لوگوں نے مجھے تین بار ممبر پارلیمنٹ اور ایک بار ایم ایل اے کے طور پر منتخب کیا ہے۔ عمرعبداللہ کا کہناتھاکہ میں نے اپنی سیٹ اشفاق جبار کو صرف اس لیے چھوڑ دی کہ میں نے ان سے ایسا کرنے کا وعدہ کیا تھا اور پھر وہ ایم ایل اے بن گئے لیکن انہوں نے گاندربل کے لوگوں کو دھوکہ دیا۔ آج، ہم گاندربل کی ترقی کے لیے الیکشن لڑنے جا رہے ہیں۔