یاؤنڈے: چاڈ کے بڑے حصوں میں جون سے آنے والے طوفان اور سیلاب سے کم از کم 145 افراد ہلاک اور تقریباً 10 لاکھ سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
یہ اطلاع اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور (اوسی ایچ اے) نے دی ہے۔
چاڈ میں سیلاب سے متعلق اپنے تازہ ترین اپڈیٹ میں اوسی ایچ اے نے بدھ کو کہا کہ ملک کے تمام 23 صوبے متاثر ہوئے ہیں۔
بیان کے مطابق، ’’25 اگست 2024 تک، 964000 افراد یا 166000 مکانات ان سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ 145 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، 251000 ہیکٹر سے زیادہ کھیت پانی میں ڈوب گئے ہیں، 70 ہزار سے زیادہ گھر تباہ ہو چکے ہیں اور 29000 مویشی بہہ گئے ہیں۔”
ملک کا جنوب مغربی علاقہ سیلاب سے بری طرح متاثر ہوا ہے، جہاں 5 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ چاڈ کے حکام، اقوام متحدہ کی ایجنسیاں اور انسانی ہمدردی کے شراکت دار ہنگامی امداد تقسیم کر رہے ہیں، لیکن پانی زیادہ ہونے سے تقسیم میں رکاوٹ پیداہورہی ہے۔
اوسی ایچ اے نے کہا، "اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں کو سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے تقریباً 6.4 کروڑ امریکی ڈالر کی ضرورت ہے، جب کہ عطیہ دہندگان نے ابھی تک اس رقم کا صرف 10 فیصد حصہ دیا ہے۔”
یواین آئی





