جمعہ, جولائی ۱۱, ۲۰۲۵
19.1 C
Srinagar

دہشت گردی اور کانگریس، نیشنل کانفرنس کا چولی دامن کا ساتھ رہا ہے: بی جے پی جنرل سیکریٹری

جموں:بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری ترون چگھ نے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو دفعہ370ا ور دہشت گردی پر بحث و مباحثے کا چیلنج کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دفعہ370 کی تنسیخ کے بعد مودی حکومت کے تحت حالات سدھر گئے ہیں لیکن نیشنل کانفرنس نویں کی دہائی کے حالات واپس لانا چاہتی ہے۔
بھاجپا قومی جنرل سیکٹریٹری نے کہا :’دہشت گردی اور کانگریس ، نیشنل کانفرنس کا چولی دامن کا ساتھ رہا ہے۔‘
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
ترون چگھ نے کہا :’نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کانگریس جموں وکشمیر میں پھر سے حالات کو خراب کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ ‘
انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کے منشور میں یہ صاف طور پر لکھا ہے کہ جیلوں میں بند پڑے کٹر دہشت گردوں اور کالعدم تنظیموں کے لیڈروں کو رہا کیا جائے گا۔
بھاجپا جنرل سیکریٹری نے سوالیہ انداز میں کہا :’کیا نیشنل کانفرنس اور کانگریس یاسین ملک اور دوسرے کٹر دہشت گردوں کو رہا کرنا چاہتی ہیں۔ ‘؟
انہوں نے مزید بتایا کہ جن لوگوں کے ہاتھ بے گناہوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں کیا نیشنل کانفرنس اور کانگریس انہیں جیل سے رہا کرانے کے لئے منصوبے بنا رہی ہیں۔؟
ترون چگھ نے فاروق عبداللہ کو دفعہ 370اور دہشت گردی پر بحث و مباحثے کے لئے چیلنج کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بی جے پی نے جموں وکشمیر میں فرضی جھڑپوں اور شہری ہلاکتوں پر روک لگائی اور یہ سب کے سامنے عیاں ہے۔
بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری نے الزام لگایا کہ دہشت گردی اور این سی کانگریس کا چولی دامن کا ساتھ رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملک کے لوگ نویں کی دہائی کو نہیں بھولے ہیں۔کانگریس ، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی جموں وکشمیر کو ایک دفعہ پھر دہکتے شعلوں میں جھوکنا چاہتے ہیں۔
ترون چگھ نے کہا :’2004سے لے کر 2014تک ملک میں کانگریس نے حکومت کی ، کانگریس نے یاسین ملک جیسے دہشت گرد کے استقبال کی خاطر سرخ قالین بچھایا۔‘
اسمبلی الیکشن پر بات کرتے ہوئے ترون چگھ نے کہاکہ اس بار بھاجپا اپنے بل بوتے پر حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائے گی اور وزیر اعلیٰ بھی بی جے پی کا ہی ہوگا۔
ان کے مطابق جموں وکشمیر کے لوگوں نے پارلیمانی الیکشن میں تینوں خاندانوں کو مسترد کیا اور اسمبلی انتخابات میں بھی یہاں کے لوگ کانگریس ، پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کو سبق سکھائیں گے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img