سرینگر/امریکی سفارت کاروں کے ایک وفد نے آج نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ سے ان کی گپکار رہائش گاہ پر ملاقات کی۔وفد میں منسٹر کونسلر برائے سیاسی امور گراہم مائر، فرسٹ سکریٹری گیری ایپل گارتھ اور پولیٹیکل کونسلر ابھی رام شامل تھے۔اس موقعے پر پارٹی کے رکن پارلیمان آغا سید روح اللہ مہدی اور ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق نے بھی موجود تھے۔اس دوران جموں و کشمیر موجودہ سیاسی صورتحال، حالات و واقعات، تبدیلیوں اور آنے والے اسمبلی انتخابات کے علاوہ خطے سے متعلق وسیع مسائل پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ عمر عبداللہ نے سفارت کاروں کو پابندیوں میں نرمی کے مقصد سے جموں و کشمیر کے لئے سفری ایڈوائزری پر نظرثانی کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے دنیا بھر کے لوگوں کو کشمیر کا دورہ کرنے اور اس کی خوبصورتی اور ثقافت کا تجربہ کرنے کی ترغیب دی۔انہوں نے سفارت کاروں کو اپنے اہل خانہ کے ساتھ کشمیر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی تاکہ امریکہ اور دنیا کے دیگر حصوں سے آنے والے سیاحوں میں اعتماد پیدا کیا جاسکے۔