سری نگر: وادی کشمیر میں منگل کی صبح یکے بعد دیگرے دو زلزلوں کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے لوگوں میں خوف ہراس پھیل گیا۔دونوں زلزلوں کا مرکز شمالی کشمیر کا بارہمولہ علاقہ تھا۔
سینٹر فار نیشنل سیسمالوجی کے مطابق پہلے زلزلے کے جھٹکےمنگل کی صبح 6 بجکر 45 منٹ پر محسوس کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 5 کلو میٹر تھی۔
اس زلزلے کا مرکز شمالی کشمیر کا ضلع بارہمولہ تھا۔سینٹر کے مطابق دوسرے زلزلے کی جھٹکے اس کے 7 منٹ بعد یعنی 6 بجکر 52 منٹ پر محسوس کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 4.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔
اس زلزلے کا مرکز بھی شمالی کشمیر کا بارہمولہ علاقہ تھا۔ان زلزلوں سے لوگوں میں خوف ہراس پھیل گیا جبکہ متعدد رہائشی مکانات میں شگاف بھی پڑے ۔اطلاعات کے مطابق بارہمولہ میں زلزلے کے دوران ایک شخص مکان سے کود گیا جسکی وجہ سے وہ زخمی ہوا ۔اس حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔